Saturday, July 11, 2026
 

وینزویلا زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 333 ہوگئی؛ 17 ہزار افراد بے گھر

 



گزشتہ ماہ وینزویلا میں یکے بعد دیگرے آنے والے دو طاقتور زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 4 ہزار 333 ہوگئی جبکہ ہزاروں افراد اب بھی امداد کے منتظر ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وینزویلا کی قومی اسمبلی کے صدر جارج روڈریگز نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 24 جون کو آنے والے زلزلوں کے بعد امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ اب تک 315 لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی، زخمیوں کی تعداد 16 ہزار 470 ہے جبکہ 6 ہزار 462 افراد کو ملبے سے زندہ نکالا گیا۔ 17 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے۔ جارج روڈریگز نے اعلان کیا کہ حکومت آئندہ ہفتے سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کو مستقل رہائش فراہم کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کرے گی۔ متاثرین کو رہائش، خوراک اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شدید زلزلوں نے متعدد رہائشی عمارتوں، سڑکوں، پلوں اور عوامی تنصیبات کو نقصان پہنچایا ہے جبکہ کئی علاقوں میں مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا۔ امدادی کارکن اب بھی ملبے میں دبے ممکنہ متاثرین کی تلاش میں مصروف ہیں۔ واضح رہے کہ زلزلے کے یہ جھٹکے حالیہ برسوں میں وینزویلا کی تاریخ کی بدترین قدرتی آفات میں شمار کیے جا رہے ہیں جن کے معاشی اور انسانی اثرات طویل عرصے تک محسوس کیے جانے کا خدشہ ہے۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل