Loading
موچکو انویسٹی گیشن پولیس نے سپارکو روڈ پر موٹر سائیکل سوار باپ اور بیٹے کو کچل کر ہلاک کرنے والے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جبکہ دوسری کارروائی کے دوران پولیس نے دکان کے تالے توڑنے کی واردات میں ملوث ملزم کو بھی گرفتار کرلیا۔
ترجمان انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی پولیس کے مطابق موچکو انویسٹی گیشن پولیس نے گزشتہ ماہ 26 جون کو سپارکو روڈ پر موٹر سائیکل سوار باپ عبدالحمید اور بیٹے عبدالجبار کو کچل کر ہلاک کر کے فرار ڈرائیور اصغر علی کو گرفتار کر کے ٹرک اپنے قبضے میں لے لیا۔
حادثے کا مقدمہ نامعلوم گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف درج کیا گیا تھا جو کہ موقع سے گاڑی سمیت فرار ہوگیا تھا تاہم پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے حادثے کے ذمہ دار ٹرک ڈرائیور کا سراغ لگالیا۔
موچکو انویسٹی گیشن پولیس نے دوسری کارروائی کے دوران مواچھ گوٹھ میں دکان کے تالے توڑنے والے ملزم فیضان عرف کٹر کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزم نے گزشتہ ماہ 27 جون کی شب عائشہ مسجد کے قریب دکان کے تالے توڑ کر 50 ہزار روپے نقدی ، ایک لاکھ 40 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون ، شناختی کارڈ اور اصل تعلیمی اسناد چوری کے فرار ہوا تھا جس کا مقدمہ نمبر 442 سال 2026 موچکو تھانے میں درج کیا گیا تھا۔
انویسٹی گیشن پولیس کی جانب سے دونوں گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل