Loading
رام اللہ: امریکی کانگریس کے رکن اور ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما رو کھنہ نے دعویٰ کیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے (ویسٹ بینک) کے دورے کے دوران مسلح اسرائیلی آبادکاروں نے ان کے قافلے کو ایک گھنٹے سے زائد وقت تک روک کر رکھا، جبکہ بعد میں اسرائیلی سکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے امریکی رکن کانگریس رو کھنہ نے بتایا کہ وہ فلسطینی دیہات کے دورے پر تھے، جہاں حالیہ دنوں میں آبادکاروں کے حملوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا تھا۔
ان کے مطابق ان کی گاڑی کو ایسے اسرائیلی آبادکاروں نے گھیر لیا جو امریکی ساختہ رائفلیں اٹھائے ہوئے تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آبادکاروں نے سڑک بند کر دی اور ان کے قافلے کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔
رو کھنہ نے کہا کہ یہ واقعہ ایک ایسے فلسطینی گاؤں کے قریب پیش آیا جہاں ان کے بقول آبادکاروں نے اسکول اور دیگر عمارتوں کو نقصان پہنچایا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آبادکاروں نے بعد میں اسرائیلی فوج کو طلب کیا، تاہم فوج نے فوری طور پر ان کی مدد نہیں کی۔
رو کھنہ کے ساتھ موجود ان کے معاون کیمرون کاسکی نے بتایا کہ انہوں نے امریکی سفارت خانے سے بھی رابطہ کیا۔ ان کے مطابق تقریباً ایک گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے بعد اسرائیلی پولیس اہلکار موقع پر پہنچے، جس کے بعد قافلے کو وہاں سے جانے کی اجازت دی گئی۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں مغربی کنارے کے علاقے خربت زنوتہ کے قریب اسرائیلی شہریوں کی جانب سے گاڑیاں روکنے کی اطلاع ملی تھی۔ فوج کے مطابق اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آبادکاروں کو منتشر کیا اور تمام گاڑیوں کو اپنی منزل کی جانب روانہ ہونے دیا۔
اسرائیلی پولیس نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، جبکہ یروشلم میں قائم امریکی سفارت خانے کی جانب سے بھی کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب رو کھنہ مستقبل میں امریکی صدارتی انتخابات 2028 میں حصہ لینے پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے نے انہیں فلسطینی علاقوں کی زمینی صورتحال کو قریب سے دیکھنے کا موقع دیا اور اس تجربے نے انہیں مزید سنجیدگی سے صدارتی انتخاب لڑنے پر غور کرنے پر آمادہ کیا ہے۔
رو کھنہ نے کہا کہ فلسطینی انسانی حقوق، غزہ کی صورتحال اور مغربی کنارے کے حالات امریکی سیاست میں ایک اہم اخلاقی مسئلہ بن چکے ہیں۔ تاہم اسرائیل نے غزہ میں نسل کشی اور مغربی کنارے میں نسلی امتیاز سے متعلق تمام الزامات کو مسترد کیا ہے۔
اقوام متحدہ اور دنیا کے بیشتر ممالک مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کو بین الاقوامی قانون کے خلاف قرار دیتے ہیں، جبکہ اسرائیل اس مؤقف سے اختلاف کرتا ہے اور ان علاقوں کو متنازع علاقہ قرار دیتا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل