Loading
امریکی ریپر پِٹ بل کے لندن میں ہونے والے یادگار کنسرٹ نے موسیقی کی دنیا میں ایک منفرد ریکارڈ قائم کردیا۔ برطانوی دارالحکومت کے بی ایس ٹی ہائیڈ پارک میں منعقدہ اس شو کے دوران ہزاروں مداح اپنے پسندیدہ فنکار کے مخصوص انداز میں نظر آئے اور اسی منفرد انداز نے گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کنسرٹ میں 22 ہزار 141 افراد نے گنجے سر جیسی دکھائی دینے والی مصنوعی ٹوپیاں (بالڈ کیپس) پہن کر شرکت کی، جس کے بعد ایک ہی مقام پر سب سے زیادہ افراد کے بالڈ کیپس پہننے کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم ہوگیا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے جج ول منفورڈ نے موقع پر اس ریکارڈ کی باضابطہ تصدیق بھی کی۔
گزشتہ چند برسوں سے پِٹ بل کے مداح ان کی شخصیت سے متاثر ہو کر ان کے مخصوص انداز، یعنی بالڈ کیپ، سیاہ چشمہ اور سوٹ پہن کر کنسرٹس میں شرکت کرتے ہیں۔ یہی روایت اتنی مقبول ہوئی کہ ان مداحوں نے خود کو ’بالڈیز‘ (Baldies) کہنا بھی شروع کر دیا۔ پِٹ بل نے بھی ماضی میں خواہش ظاہر کی تھی کہ اس منفرد رجحان کو گنیز ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے، جو اب حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔
View this post on Instagram
تقریباً 70 ہزار شائقین کی موجودگی میں ہونے والا یہ کنسرٹ بی ایس ٹی ہائیڈ پارک فیسٹیول کی تاریخ کا سب سے زیادہ حاضرین والا شو بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس یادگار تقریب کو دنیا بھر کے مداحوں نے پِٹ بل کے آفیشل یوٹیوب چینل پر تقریباً تین گھنٹے طویل لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے بھی دیکھا۔
کنسرٹ کے دوران پِٹ بل نے اپنے مقبول ترین گانے پیش کیے، جبکہ معروف گلوکار لِل جون اور کیشا نے بھی خصوصی پرفارمنس کے ذریعے شو کو مزید رنگین بنا دیا۔ برطانوی مداحوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پِٹ بل نے مشہور بینڈ اویسس کا ایک معروف گانا بھی گایا، جبکہ تقریب کا اختتام شاندار آتش بازی کے مظاہرے کے ساتھ ہوا، جس نے اس تاریخی موسیقی کی شام کو مزید یادگار بنا دیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل