Loading
سندھ حکومت نے 50 ڈبل ڈیکر اور 500 الیکٹرک بسیں ٹرانسپورٹ نظام میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت مختلف پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں کے لئے بس ڈیپوز کے لئے زمین کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ پلان سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی آصف جان صدیقی، مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
حکام نے پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں کے لیے اور بسوں کی پارکنگ و آپریشن کے لیے درکار اراضی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف اضلاع میں دستیاب سرکاری اراضی، مجوزہ مقامات اور مستقبل کی ضروریات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل مین نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے 50 ڈبل ڈیکر بسیں اور 500 الیکٹرک (EV) بسیں ٹرانسپورٹ نظام میں شامل کی جارہی ہیں، نئی بسوں کی آمد سے ٹرانسپورٹ نظام میں نمایاں بہتری آئے گی، ڈی سیز اپنے اپنے اضلاع میں دستیاب خالی سرکاری اراضی کی نشاندہی کریں تاکہ ماس ٹرانزٹ منصوبوں کے لیے بس ڈپو قائم کیے جا سکیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے اپنے عزم پر کاربند ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ نئی بسوں کو فوری طور پر عوامی خدمت کے لیے سڑکوں پر لایا جا سکے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل