Saturday, July 18, 2026
 

’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ کے جیٹھا لال شو چھوڑنے والے ہیں؟ دلیپ جوشی کا بیان سامنے آگیا

 



مقبول بھارتی کامیڈی سیریل ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ میں ’جیٹھا لال‘ کا یادگار کردار ادا کرنے والے سینئر اداکار دلیپ جوشی نے اپنے شو چھوڑنے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں۔ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا اور مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر یہ دعوے سامنے آ رہے تھے کہ دلیپ جوشی تقریباً اٹھارہ برس بعد اس کامیاب ڈرامے سے علیحدگی اختیار کرنے والے ہیں، تاہم اداکار نے خود اس معاملے پر لب کشائی کرتے ہوئے تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کر دیا۔ دلیپ جوشی کا کہنا تھا کہ آج کل صرف زیادہ ویوز اور توجہ حاصل کرنے کی خاطر بغیر تحقیق کے من گھڑت خبریں پھیلا دی جاتی ہیں۔ انہوں نے میڈیا اداروں اور نیوز پلیٹ فارمز سے اپیل کی کہ کسی بھی خبر کی اشاعت یا نشر کرنے سے پہلے متعلقہ اداکار یا پروڈکشن ہاؤس سے اس کی تصدیق ضرور کر لی جائے، کیونکہ ایک مختصر فون کال بھی غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روک سکتی ہے۔ اداکار نے شو کی غیر معمولی کامیابی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کسی کامیڈی پروگرام کا مسلسل 18 سال تک ناظرین کی پسند بنا رہنا ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ اب تک 4 ہزار 750 سے زائد اقساط مکمل کرچکا ہے اور پوری ٹیم آج بھی اسی جذبے کے ساتھ ناظرین کو محظوظ کرنے میں مصروف ہے۔ دلیپ جوشی نے اس موقع پر شو کے پروڈیوسر اسِت کمار مودی اور مصنفین کی ٹیم کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کی بدولت یہ ڈرامہ برسوں سے شائقین کی پہلی پسند بنا ہوا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل