Loading
فیفا ورلڈ کپ کا سنسنی خیز فائنل آج نصف شب نیو جرسی میں ارجنٹائن اور اسپین کے درمیان کھیلاجائے گا، ارجنٹینا کے لیونل میسی اور اسپین کے لامین یمال شائقین کی خصوصی توجہ کا مرکز ہوں گے۔
پاکستانی وقت کے مطابق فائنل مقابلہ رات 12 بجے شروع ہوگا جو سرکاری اسپورٹس ٹی وی پر براہ راست دکھایا جائے گا، اسکے علاوہ کراچی سمیت مختلف شہروں میں شائقین کی جانب سے بڑی اسکرینوں پر بھی میچ دیکھنے کا اہتمام کیا جائے گا۔
نیویارک کے نیو جرسی اسٹیڈیم میں فائنل سے قبل ایک شاندار تقریب منعقد ہوگی جس میں ثقافتی پرفارمنسز ہوں گی۔ پری میچ تقریب کے مرکزی فنکار امریکی گلوکار اور ریپر پوسٹ میلون ہوں گے جبکہ ای جی او ٹی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ جینیفر ہڈسن قومی ترانہ پیش کریں گی۔
ہاف ٹائم شو میں عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار جسٹن بیبر، میڈونا، شکیرا، جنوبی کوریا کا مقبول بینڈ بی ٹی ایس، نائجیرین گلوکار برنا بوائے اور وینزویلا کے معروف آرکسٹرا کنڈکٹر گستاوو دودامل اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔
فیفا نے اعلان کیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فاتح کو پہلی بار روایتی ٹرافی اور طلائی تمغوں کے ساتھ خصوصی چیمپئن شپ رِنگز بھی دی جائیں گی۔ یہ کسی بھی فیفا ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگا کہ فاتح ٹیم کو اس نوعیت کا اعزاز دیا جائے گا۔
فائنل سے قبل نیویارک میں ہوٹل کے کرائے آسمان سے باتیں کرنے لگے، شائقین سے معمول کے 150 ڈالر سے 500 ڈالر فی رات والے ہوٹل کمرے کا کرایہ پندرہ سو سے 4500 ڈالر (12 لاکھ ساٹھ ہزار روپے ) فی رات وصول کیا جارہا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل