Loading
کراچی میں منگھوپیر کے علاقے میں واقع معروف نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گھرکے باہر کھیلتے ہوئے2 سالہ بچے کو موٹر سائیکل سوارنے مبینہ طور پراغوا کرلیا، بچے کے اغوا کامقدمہ والد کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے خلاف منگھوپیر تھانے میں درج کیا گیا، بعد ازاں اہل خانہ نے بچے کی بازیابی کے لیے احتجاج کیا۔
پولیس نے بتایا کہ منگھوپیر کے علاقے میں واقع معروف نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں دو سالہ بچہ اپنے گھرکے باہر کھیل رہا تھا کہ اسی دوران موٹر سائیکل سوارنے مبینہ طور پر اغوا کرلیا، جس کے بعد بچے کے بچے کے والد وہاب علی کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے خلاف منگھوپیر تھانے میں درج کیا گیا۔
منگھوپیر پولیس کے مطابق 2 سالہ اذان ہفتے کی شام 8 بج کر 40 منٹ پر لاپتا ہوا، 2 سالہ بچہ اپنے گھر کے باہر والدہ کے ساتھ کھیل رہا تھا، والدہ جوتے تبدیل کرنے گھر کے اندر گئی اور واپس آکر دیکھا تو بیٹا موجود نہیں تھا۔
پولیس نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹر سائیکل سوار اذان کو لے کر سوسائٹی سے باہر جاتے دیکھا جاسکتا ہے، موٹرسائیکل سوار شخص نے ہیلمٹ پہن رکھا ہے جس کی وجہ سے شناخت ممکن نہیں ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی اور اطراف کے دیگر مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کررہے ہیں تاکہ بچے کے اغوا میں ملوث ملزم کا سراغ لگایاجا سکے اور بچے کو فوری بازیاب کرایا جاسکے۔
بچے کے اغوا کے خلاف احتجاج
منگھوپیر کی نجی سوسائٹی سے دو سالہ بچے اذان کے اغوا کے واقعے کے خلاف شہریوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا، پولیس کے خلاف کیے گئے احتجاج کے دوران مغوی بچے کے اہل خانہ نے اغوا کار کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
مبینہ طور پر اغوا ہونے والے بچے کے اہل خانہ نے دو سالہ اذان کی بازیابی میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا، احتجاج میں خواتین اور سوسائٹی کے رہائشی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
مظاہرین کے مطابق پولیس تاحال بچے کو بازیاب کرانے میں ناکام ہے اور پولیس کی جانب سے عملی اقدامات سامنے نہیں آئے، مظاہرے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل