Monday, July 20, 2026
 

فیفا ورلڈ کپ ٹرافی: فاتح ٹیم اصل ٹرافی اپنے ساتھ کیوں نہیں لے جا سکتی؟

 



نیویارک کے نیو جرسی اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد سب سے یادگار لمحہ فاتح کپتان کے ہاتھوں میں ٹرافی اٹھانے کا ہوگا، تاہم بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ چیمپئن ٹیم اصل ورلڈ کپ ٹرافی ہمیشہ کے لیے اپنے پاس نہیں رکھ سکتی۔ اس بار فیفا ورلڈ کپ ٹرافی فاتح ٹیم کے کپتان کو فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشترکہ طور پر پیش کریں گے۔ یہ ایک غیر معمولی روایت ہے کیونکہ گزشتہ دو ورلڈ کپ فائنلز میں صرف فیفا صدر نے ٹرافی پیش کی تھی جبکہ آخری بار 1982 میں کسی سربراہِ مملکت نے فاتح ٹیم کو ٹرافی دی تھی جب اسپین کے بادشاہ خوان کارلوس نے اٹلی کو ٹرافی پیش کی تھی۔ ورلڈ کپ ٹرافی کس چیز سے بنی ہوتی ہے؟ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی مکمل طور پر خالص سونے کی نہیں بلکہ 18 قیراط سونے سے تیار ہوتی ہے۔ اس کی اونچائی 36.5 سینٹی میٹر جبکہ وزن 6.175 کلوگرام ہوتا ہے۔ اگر یہ مکمل طور پر ٹھوس سونے کی بنی ہوتی تو اس کا وزن تقریباً 70 سے 80 کلوگرام ہوتا جسے اٹھانا کافی مشکل ہوجاتا۔ ٹرافی کے نچلے حصے میں سبز رنگ کا میلاکائٹ (Malachite) پتھر استعمال کیا جاتا ہے جو سنہری ڈیزائن کے ساتھ خوبصورت تضاد پیدا کرتا ہے۔ یہ شاہکار اطالوی مجسمہ ساز سلویو گازانیگا نے تخلیق کیا تھا جن کا ڈیزائن سات ممالک سے موصول ہونے والے 53 ڈیزائنز میں منتخب کیا گیا تھا۔ فاتح ٹیم اصل ٹرافی کیوں نہیں لے جاسکتی؟ اگرچہ فائنل کے بعد فاتح کپتان اصل ورلڈ کپ ٹرافی بلند کرتا ہے لیکن تقریب ختم ہونے کے فوراً بعد یہ ٹرافی سخت سیکیورٹی میں واپس فیفا ورلڈ فٹبال میوزیم، زیورخ (سوئٹزرلینڈ) منتقل کر دی جاتی ہے۔ فیفا قوانین کے مطابق اصل ٹرافی مستقل طور پر صرف فیفا کی تحویل میں رہتی ہے اور اسے صرف سابق عالمی چیمپئنز اور سربراہانِ مملکت ہی ہاتھ لگا سکتے ہیں۔ اس کے بدلے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو سونے کی تہہ چڑھی کانسی  سے تیار کردہ ٹرافی مستقل طور پر دی جاتی ہے جو اسی ملک کی ملکیت رہتی ہے۔ ورلڈ کپ ٹرافی کی مالیت کتنی ہے؟ ماہرین کے مطابق ٹرافی میں استعمال ہونے والے خام سونے کی قیمت تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار سے 4 لاکھ امریکی ڈالر کے درمیان بنتی ہے۔ تاہم فٹبال کی تاریخ، منفرد حیثیت اور عالمی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی مجموعی مالیت 2 کروڑ امریکی ڈالر (20 ملین ڈالر) کے قریب سمجھی جاتی ہے جو اسے دنیا کی سب سے قیمتی کھیلوں کی ٹرافیوں میں شامل کرتی ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل