Loading
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے (ن) لیگ کے قائد نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن کسی بھی صوبے، شہر یا علاقے کی تضحیک کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
شرجیل میمن نے نواز شریف کے بیان پر ردِعمل میں کہا کہ نواز شریف صاحب! سیاست ہوتی رہے گی، سندھ اور کشمیر کی سرزمین اور عوام کو طنز و مزاح کا موضوع مت بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ مگر کسی بھی صوبے، شہر یا علاقے کی تضحیک کسی صورت قابلِ قبول نہیں، سابق وزیر اعظم کا یہ رویہ نہ صرف غیر سنجیدہ بلکہ مضحکہ خیز بھی ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کسی بھی شہر یا ضلع کا نام سیاسی تقریر میں مذاق یا تقابل کے انداز میں استعمال کرنا شعوری پسماندگی ہے، اگرچہ نواز شریف نے اپنی تقریر میں یہ بھی کہا کہ ’تلخی نہیں ہونی چاہیے‘ لیکن ان کے اپنے الفاظ ہی سیاسی تلخی اور غیر ضروری تقسیم کا باعث بن رہے ہیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے اپنے بیان میں نواز شریف کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنے خطاب میں تاریخی شہر میرپورخاص اور اس کے لاکھوں عوام کی توہین کی ہے۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سیاسی اختلاف کے باعث کسی شہر یا خطے کا نام طنز یا تحقیر کے انداز میں لینا مناسب طرزِ سیاست نہیں۔ میرپورخاص سندھ کی تاریخ، ثقافت، زراعت اور قومی معیشت میں اہم مقام رکھتا ہے۔ میرپورخاص کی محبِ وطن عوام نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور جمہوریت کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی دلائل ختم ہونے پر نواز شریف شہروں اور عوام کی تذلیل کررہے ہیں۔ سندھ کے عوام مسلم لیگ ن کی سندھ دشمن سوچ کو مسترد کرتی ہے۔صوبائی وزیر نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف اپنے غیرمناسب رویے پر میرپورخاص کی عوام سے معذرت کریں۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن قیادت اپنے دیوالیہ بنے ہوئے سیاسی کیریئر کو بچانے کیلئے آخری کوششوں میں ہے۔ آزاد کشمیر کی عوام نوسربازوں کو اچھی طرح پہچانتی ہے، ن لیگ کو عبرتناک شکست ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عوامی منشور کے ساتھ عام آدمی کے درمیان موجود ہیں۔ آزاد کشمیر اور پاکستان پیپلزپارٹی کا تعلق دیرینہ اور پختہ ہے جسے کسی سرکس سے توڑا نہیں جاسکتا۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے قربانیاں دیکر اپنے وسائل سے ملکی معیشت کو سہارا دیا ہے۔ سندھ اور سندھ کے عوام کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ادھر مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مقصد ہر کشمیری کو برابری کے حقوق، عزت اور مواقع فراہم کرنا ہے۔
اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ہر کشمیری کے روشن اور بااختیار مستقبل کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کشمیری عوام کے حقِ حکمرانی، حقِ ملکیت اور حقِ روزگار کا نعرہ لگایا ہے، یہ کوئی جرم نہیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری چاہتے ہیں کہ کشمیری عوام اپنے فیصلے خود کریں، تو اس میں غلط کیا ہے؟۔
مرکزی ترجمان نے ن لیگ کو مشورہ دیا کہ وہ سیاسی اتحادیوں پر حملوں کے بجائے کشمیر کے لیے اپنا لائحہ عمل عوام کے سامنے رکھے۔ کشمیری عوام سیاسی جماعتوں کی الزام تراشی نہیں بلکہ اپنے مسائل کا حل چاہتی ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ نواز شریف صاحب آج بھی وہی پرانا بیانیہ دہرا رہے ہیں جس پر تین بار اقتدار میں رہ کر بھی عمل نہ کر سکے۔ عوام اب وعدوں نہیں بلکہ عملی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ روشن مستقبل کی امید عوام نے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت سے وابستہ کر لی ہے۔ کشمیری عوام کا اعتماد پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ مضبوط تھا اور رہے گا۔
شازیہ مری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سیاست مساوات، احترام اور عوامی خدمت کی سیاست ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے حقوق اور بااختیار مستقبل کی ضمانت بن کر سامنے آئی ہے۔
مرکزی ترجمان نے کہا کہ 27 جولائی کو کشمیر کی باشعور عوام تیر پر مہر لگا کر اپنے روشن مستقبل کا انتخاب کریں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل