Sunday, July 26, 2026
 

13 ستمبر کو کراچی کی شاہراہِ قائدین پر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی عظیم الشان کانفرنس کا اعلان

 



کراچی: عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت نے اعلان کیا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ، عوامی آگاہی اور دعوتِ اسلام کے فروغ کے لیے 13 ستمبر 2026ء بروز اتوار شام 4 بجے کراچی کی شاہراہِ قائدین پر عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ کراچی میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے دفتر، پرانی نمائش، ایم اے جناح روڈ پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما حضرت مولانا اللہ وسایا، امیرِ مجلس کراچی مولانا محمد اعجاز مصطفیٰ، مرکزی مبلغ مولانا قاضی احسان احمد اور مبلغ ختم نبوت کراچی مولانا محمد قاسم نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پر ایمان ہر مسلمان کے عقیدے کا بنیادی جزو ہے اور اسی پر ایمان آخرت میں نجات کا ذریعہ ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت امت مسلمہ کا ایک مشترکہ پلیٹ فارم ہے، جہاں تمام مکاتبِ فکر کے علماء اور مذہبی قیادت منکرین ختم نبوت کے فتنے کے خلاف متحد ہو کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مولانا ظفر علی خان، مولانا مرتضیٰ حسن میکش اور شورش کاشمیری جیسے ممتاز صحافیوں نے صحافت کے میدان میں ختم نبوت کے تحفظ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے موجودہ صحافی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ میڈیا کے تمام شعبوں میں عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ پریس کانفرنس کے دوران بتایا گیا کہ 13 ستمبر کو ہونے والی کانفرنس کا مقصد مسلمانوں میں عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا، ایمان کے تحفظ کا پیغام عام کرنا اور قادیانیوں کو اسلام کی دعوت دینا ہے۔ رہنماؤں نے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے وابستہ صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ اس کانفرنس کی بھرپور کوریج کریں تاکہ اس کا پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے۔ اس موقع پر معروف صحافیوں، مختلف نیوز چینلز کے نمائندوں، سوشل میڈیا انفلوئنسرز، علمائے کرام اور میڈیا سے وابستہ متعدد شخصیات نے شرکت کی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل