Loading
گولیمار میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 پولیس جوان زخمی ہوگئے جبکہ جوانوں کی جوابی فائرنگ اور شہریوں کے مبینہ تشدد ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق رضویہ سوسائٹی تھانے کے علاقے گولیمار پیتل والی گلی کے قریب مدد گار ون فائیو کے جوانوں اورڈاکوؤں کے درمیان پولیس مقابلے کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مددگار ون فائیو کے 2 پولیس جوان کانسٹیبل سہیل اور کانسٹیبل امتیاز زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ اور شہریوں کے مبینہ تشدد سے ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا تاہم اس کا ایک ساتھی موقع سے فرارہونے میں کامیاب ہوگیا۔
زخمی ہونے والے پولیس مددگار 15 کے ایک جوان کو تھوڑی میں 1 گولی لگی جبکہ دوسرے جوان کے کندھے پرگولی لگی جنکا علاج معالجہ جاری ہے، اطلاع ملنے پر رضویہ سوسائٹی تھانے کی پولیس فوری طورپرموقع پرپہنچی اورزخمی پولیس جوانوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔
زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو بھی علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق فرارہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ دوران علاج دم توڑجانے والے ملزم کی شناخت ودیگر تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے پولیس مقابلے میں بہادری کا مظاہرہ کرنے والے مددگار 15 کے جوانوں کو شاباش دی، انہوں نے زخمی کانسٹیبل سہیل اور کانسٹیبل امتیاز کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہارکیا، آئی جی سندھ نے دونوں اہلکاروں کے لیے سی سی فرسٹ اور نقد انعام کا اعلان کیا۔ آئی جی سندھ نے زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ایس ایس پی سینٹرل سے واقعے کی فوری اور تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، وزیر داخلہ سندھ نے زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیر داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں پر حملہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے، ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
وزیر داخلہ سندھ نے ملزمان کے خلاف بلاامتیاز اورموثر قانونی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی، وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی بہادری قابل تحسین ہے۔ وزیر داخلہ سندھ نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت پولیس فورس کے ساتھ کھڑی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل