Loading
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ دو اگست کو ہوگا جس میں مظفرآباد ڈویژن کے عام انتخابی حلقوں کے ساتھ مہاجرین کی 12 نشستوں پر بھی پولنگ ہوگی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق دوسرے مرحلے میں دارالحکومت مظفرآباد سمیت وادی نیلم، باغ اور مہاجرین جموں و ویلی کی 25 نشستوں پر سیاسی میدان سج گیا، 17لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں مظفرآباد ڈویژن کی 13 عام نشستیں اور جموں و ویلی مہاجرین کی 12 نشستیں شامل ہیں۔
دارالحکومت مظفرآباد ایک مرتبہ پھر سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے، جہاں گلیاں، بازار، چوک اور انتخابی دفاتر جلسوں، کارنر میٹنگز اور انتخابی مہم سے گونج رہے ہیں۔
مظفرآباد ضلع کی سات نشستیں سیاسی معرکے کا سب سے بڑا میدان بنیں گی۔ LA-27 مظفرآباد ون، LA-28 مظفرآباد ٹو، LA-29 مظفرآباد تھری، LA-30 مظفرآباد فور، LA-31 مظفرآباد فائیو، LA-32 مظفرآباد سکس اور LA-33 مظفرآباد سیون، یہ وہ حلقے ہیں جہاں تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے اپنی تمام تر توانائیاں جھونک دی ہیں اور ہر امیدوار فتح کے لیے پرامید دکھائی دیتا ہے۔
سرسبز وادی نیلم بھی انتخابی سرگرمیوں سے بھرپور ہے۔ نیلم کے دو حلقےLA-25 نیلم و ناورLA-26 نیلم ٹوبھی دوسرے مرحلے میں ووٹ ڈالیں گے، جہاں عوام اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے پولنگ اسٹیشنوں کا رخ کریں گے۔
دوسری جانب ضلع باغ کی چار نشستیں بھی انتخابی منظرنامے میں خصوصی اہمیت اختیار کر چکی ہیں۔ LA-14 باغ ونLA-15 باغ ٹوLA,-16 باغ تھری اورLA-17 باغ فوران حلقوں میں بھی امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
صرف آزاد کشمیر ہی نہیں بلکہ پاکستان میں مقیم مہاجرین بھی اس انتخابی مرحلے کا اہم حصہ ہوں گے۔ جموں مہاجرین کی چھ نشستیںLA-34 سے LA-39 اور ویلی مہاجرین کی چھ نشستیںLA-40 سے LA-45بھی دو اگست کو پولنگ کے ذریعے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گی۔ یہ بارہ نشستیں آزاد کشمیر کی آئندہ حکومت کی تشکیل میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہیں، اسی لیے سیاسی جماعتوں کی نظریں ان حلقوں پر بھی مرکوز ہیں۔
دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 25 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی، جبکہ الیکشن کمیشن نے انتخابی انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں اور انتخابی عمل آزاد، شفاف اور پْرامن انداز میں مکمل ہو۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل