Tuesday, August 04, 2026
 

آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز پر حملہ، عملہ جہاز چھوڑنے پر مجبور، ایک ملاح لاپتا

 



مسقط / آبنائے ہرمز: آبنائے ہرمز کے قریب عمان کے ساحل کے نزدیک ایک لائبیریا کے پرچم بردار مال بردار جہاز کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی اور عملے کو ہنگامی طور پر جہاز چھوڑنا پڑا، جبکہ ایک ملاح لاپتا بتایا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی بحری سکیورٹی ذرائع کے مطابق ’مینوآن پائنیر‘ نامی ڈرائی بلک کارگو جہاز آبنائے ہرمز سے گزر رہا تھا کہ اسی دوران اسے ایک نامعلوم پروجیکٹائل آ لگا۔ برطانوی میری ٹائم رسک مینجمنٹ کمپنی وینگارڈ نے بتایا کہ پروجیکٹائل جہاز کے انجن روم سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں رہائشی حصے میں آگ بھڑک اٹھی۔ کمپنی کے مطابق جہاز کا عملہ آگ بجھانے کی کوشش کرتا رہا، تاہم صورتحال سنگین ہونے پر ہنگامی امداد طلب کی گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جہاز کا تھرڈ انجینئر لاپتا ہے، جبکہ دیگر عملے کے ارکان نے جہاز خالی کر دیا۔ جہاز چلانے والی یونان کی کمپنی موڈیون میری ٹائم مینجمنٹ کی جانب سے فوری طور پر واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ پروجیکٹائل کس جانب سے فائر کیا گیا یا حملے کے پیچھے کون ذمہ دار ہے، جبکہ متعلقہ بحری حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے، اس لیے وہاں پیش آنے والا ہر سکیورٹی واقعہ بین الاقوامی جہاز رانی، تیل کی منڈیوں اور خطے کی سلامتی پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل