Loading
سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھارت کی زیر سرپرستی دہشت گردی پھیلانے والے فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر دو بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اور 6 اگست کو "ردالفتنہ-3" کے تحت جاری انسداد دہشت گردی مہم کے دوران دونوں آپریشنز کامیابی سے مکمل کیے گئے۔ کارروائیوں کا مقصد بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر کا خاتمہ تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اگست کو ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز نے چھ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، بروقت اور مؤثر کارروائی کے دوران فورسز نے تمام چھ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
دوسری کارروائی 6 اگست کو ضلع مستونگ میں کی گئی جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید چھ دہشت گرد مارے گئے جبکہ دہشت گردوں کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام" کے وژن اور "ردالفتنہ-3" مہم کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل