Thursday, August 06, 2026
 

لیور پول کے بعد فٹبالر محمد صلاح کی اگلی ممکنہ منزل کونسی ہوگی؟

 



مصر کے معروف فٹبالر محمد صلاح لیور پول کلب کے ساتھ معاہدہ ختم ہونے کے بعد اب نئی منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں اور ترکیہ کے کلب ترابزون اسپور کے ساتھ اُن کے معاہدے کا امکان ہے۔ مصری فٹبالر نجی طیارے کے ذریعے بدھ کے روز ترکیہ کے دارالحکومت استنبول پہنچنے جہاں سیکڑوں مداحوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔  دلچسپ بات یہ ہے کہ صلاح نے ترابزون اسپور کی جرسی پہن رکھی تھی جس پر مداح انہیں دیکھ کر اور بھی زیادہ پرجوش ہوگئے۔  کلب کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام میں صلاح نے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’ترابزون، کیا آپ تیار ہیں؟ میں آپ کی آواز سن سکتا ہوں، بہت جلد آپ سے ملاقات ہوگی۔‘‘ ترابزون اسپور نے تصدیق کی ہے کہ محمد صلاح کا طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ ان کی باضابطہ معاہدے پر دستخط کی تقریب جمعرات کی شام مقامی وقت کے مطابق ساڑھے سات بجے منعقد ہوگی۔ ترک میڈیا کے مطابق محمد صلاح کو نمبر 61 کی جرسی میں دیکھا گیا، جبکہ استنبول میں ان کے استقبال کے لیے بڑی تعداد میں مداح موجود تھے۔ کلب نے اس سے قبل بھی اعلان کیا تھا کہ محمد صلاح کے ساتھ معاہدے کے لیے باضابطہ مذاکرات شروع کر دیے گئے ہیں۔ 34 سالہ محمد صلاح گزشتہ سیزن کے اختتام پر لیورپول سے علیحدگی کے بعد فری ایجنٹ کے طور پر کام کررہے تھے اس دوران اُن کی  سعودی عرب منتقل ہونے کی قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی تھیں۔ محمد صلاح نے لیورپول کے ساتھ اپنے کامیاب کیریئر میں دو انگلش لیگ ٹائٹلز، ایک چیمپئنز لیگ سمیت مجموعی طور پر آٹھ بڑی ٹرافیاں جیتیں۔ انہوں نے کلب کے لیے 442 میچوں میں 257 گول اسکور کیے اور انہیں لیورپول کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل