Thursday, August 06, 2026
 

امریکا نے بجلی گھروں پر حملہ کیا تو تمام خلیجی ممالک کو اندھیرے میں ڈبودیں گے؛ ایران

 



ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ہمارے بجلی گھروں کو نشانہ بنایا تو جواب میں ایک ایک خلیجی ملک کو اندھیرے میں ڈبودیں گے۔ یہ بات عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں خلیجی ممالک دو اہم عہدیداروں نے کی ہے تاہم حکومتِ ایران نے اس بارے میں باضابطہ طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ ایک خلیجی عہدیدار نے بھی نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایران نے واضح پیغام دیا کہ امریکی حملے کی صورت میں خلیجی ممالک کے بجلی کے بنیادی نظام اور انفرااسٹریکچر کو نشانہ بنائیں گے۔ ایک دوسرے علاقائی عہدیدار نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ ایسے ہی انتباہی پیغامات مختلف دارالحکومتوں تک پہنچائے گئے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایران نے صرف دھمکی ہی نہیں دی بلکہ مبینہ طور پر ایسے اہم تنصیبات اور اہداف کی فہرست بھی پیش کی جنہیں جوابی حملے میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے تاہم ان اہداف کی تفصیلات منظرعام پر نہیں لائی گئیں۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے ان انتباہی پیغامات نے خلیجی ممالک میں تشویش پیدا کر دی کیونکہ ان ممالک کی معیشت، تیل کی برآمدات، پانی صاف کرنے کے پلانٹس، مواصلاتی نظام اور دیگر اہم خدمات کا انحصار جدید بجلی کے بنیادی ڈھانچے پر ہے۔ تاحال نہ تو امریکا نے اے ایف پی کی اس رپورٹ پر باضابطہ ردعمل دیا ہے اور نہ ہی ایران نے ان مبینہ دھمکیوں کی سرکاری سطح پر تصدیق یا تردید کی ہے۔ یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوئی تو امریکا بڑے پیمانے پر ایران کی توانائی اور بجلی کی تنصیبات پر تابڑ توڑ حملے کرے گا۔ بعد ازاں صدر ٹرمپ نے اپنے مؤقف میں نرمی لاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کی درخواست پر فوری حملے کا منصوبہ مؤخر کر دیا ہے تاکہ سفارتی مذاکرات کو کامیاب ہونے کا موقع دیا جا سکے۔ واضح رہے کہ امریکا، ایران، عمان، قطر اور دیگر علاقائی ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کو مستحکم بنانے کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں اور ایک معاہدہ تقریباً طے پاگیا ہے  تاہم کئی اہم معاملات پر ابھی اتفاق رائے ہونا باقی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل