Loading
کمیٹی چوک کے علاقے لنڈا بازار سے پانچ سالہ بچی مریم کے پراسرار طور پر لاپتا ہونے کے معاملے میں تاحال کوئی اہم پیش رفت نہ ہو سکی جبکہ یہ معمہ برقرار ہے کہ بچی بارش کے پانی میں نالے میں بہہ گئی یا اسے اغوا کیا گیا، تاہم پولیس اب تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی۔
واقعے کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے، جس میں ننھی مریم کو اپنے والدین اور بہن بھائیوں کے ساتھ گھر سے نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پیلے رنگ کی شرٹ پہنے مریم گلی میں اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ کھیلتی نظر آتی ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچے پہلے گلی میں آ کر بارش کا جائزہ لیتے ہیں، بارش محسوس ہونے پر دوبارہ اندر چلے جاتے ہیں۔
چند لمحوں بعد مریم اپنے والد کے ساتھ، جو اس کے بہن بھائیوں کو اٹھائے ہوئے ہیں، گلی سے باہر نکلتی ہے جبکہ ان کے پیچھے والدہ اور دیگر اہل خانہ بھی جاتے دکھائی دیتے ہیں۔
پولیس اور اہل خانہ کو یہی واحد سی سی ٹی وی فوٹیج دستیاب ہو سکی ہے کیونکہ علاقے کے دیگر تمام کیمرے خراب تھے۔
دوسری جانب، ریسکیو 1122 نے بچی کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ جمعرات کو ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ سے لے کر موتی محل پل تک تقریباً چار کلومیٹر کے علاقے میں سرچ آپریشن مکمل کیا تھا، جس کے بعد ایک بار پھر تلاش کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔
ادھر وارث خان پولیس نے بچی کے والد کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات اور بچی کی تلاش کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل