Loading
بلوچستان کے علاقے سوراب میں بارودی گاڑی کی تیاری کے دوران دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک اور 3 شہری بھی نشانہ بنے جبکہ واقعے کے بعد کارروائی کے دوران مزید 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی ار) سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بتایا کہ 12 اگست کو صبح بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کی جانب سے تیار کی جانبے والی وہیکل بورن امپرووائزڈ ایکسپلوسو ڈیوائس اچانک دھماکے سے پھٹ گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ بارودی گاڑی کی تیاری کے دوران قبل از وقت دھماکے کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دھماکے اور دہشت گردوں کی جانب سے وہاں ذخیرہ کیے گئے دیگر بارودی مواد کے پھٹنے سے قریبی علاقے میں موجود 3 شہری بھی جاں بحق ہوئے۔
مزید بتایا گیا کہ واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کردیا اور کارروائی کے دوران فرار ہونے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر انہیں مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی کے دوران مزید 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور ان واقعات میں اب تک فتنۃ الہندوستان سے وابستہ مجموعی طور پر 18 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 بہادر جوان بھی زخمی ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزم استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل