Loading
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے مقامی پولیس کے تعاون سے بین الریاستی منشیات کے ایک بڑے نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے اسرائیلی شہری سمیت 3 غیرملکیوں کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس مشترکہ کارروائی کے دوران ممبئی اور اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا سے مجموعی طور پر 4.738 کلوگرام میتھامفیٹامین برآمد کی گئی جس کی مالیت 9 کروڑ 40 لاکھ بھارتی روپے ہے۔
تفتیش حکام نے بتایا کہ اے ٹی ایس نے ممبئی کے علاقے باندرہ ایسٹ میں کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی شہری کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے 2 کلو 50 گرام میتھامفیٹامین برآمد کی جس کی مالیت تقریباً 4 کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی۔
تفتیش کے دوران گرفتار اسرائیلی شہری نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ وہ یہ منشیات اترپردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا میں قائم ایک فیکٹری سے حاصل کرتا تھا۔
اس اطلاع کے بعد مہاراشٹر اے ٹی ایس نے مقامی پولیس کی مدد سے گریٹر نوئیڈا میں مذکورہ مقام پر چھاپہ مارا۔ وہاں سے مزید 2 کلو 688 گرام میتھامفیٹامین برآمد ہوئی، جس کی مالیت تقریباً 5 کروڑ 40 لاکھ بھارتی روپے بتائی گئی۔
تفتیشی حکام کے مطابق گریٹر نوئیڈا کی فیکٹری سے صرف تیار شدہ منشیات ہی نہیں بلکہ اسے تیار کرنے کے لیے استعمال ہونے والا کیمیائی مواد اور دیگر آلات بھی برآمد کیے گئے۔
اے ٹی ایس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے منشیات کی سپلائی کے ساتھ ساتھ اس کے ممکنہ پیداواری مرکز کا بھی سراغ ملا ہے۔
تفتیش کار اب یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ فیکٹری میں منشیات کی تیاری کب سے جاری تھی اور تیار شدہ میتھامفیٹامین کو بھارت کے کن شہروں یا بیرون ملک پہنچایا جاتا تھا۔
مہاراشٹر اے ٹی ایس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس کے مطابق کارروائی میں اسرائیلی شہری کے علاوہ دو دیگر غیرملکی خواتین کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
تینوں افراد سے تفتیش جاری ہے اور پولیس مبینہ بین الریاستی نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی تلاش بھی کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ بھارت میں منشیات کے خلاف ایک اور بڑی کارروائی میں میزورم کے شہر آئزول میں ایمبولینس سے تقریباً 45 کروڑ بھارتی روپے مالیت کی میتھامفیٹامین گولیاں برآمد کی گئی تھیں۔
بھارتی حکام نے بتایا تھا کہ ایمبولینس سے 15 کلوگرام میتھامفیٹامین ٹیبلٹس برآمد ہوئی تھیں جبکہ تین افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں ایک خاتون بھی شامل تھی جو مبینہ طور پر مریضہ کا روپ دھار کر ایمبولینس میں سفر کررہی تھی۔
تفتیشی حکام کے مطابق میزورم میں پکڑی گئی منشیات ممکنہ طور پر میانمار سے اسمگل ہوکر بھارت پہنچی تھی جس سے خطے میں سرگرم بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورکس کے بارے میں بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
ممبئی، گریٹر نوئیڈا اور میزورم میں ہونے والی حالیہ کارروائیوں کے بعد بھارتی سکیورٹی اور انسداد منشیات اداروں نے مصنوعی منشیات خصوصاً میتھامفیٹامین کی تیاری، اسمگلنگ اور تقسیم کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل