Wednesday, August 12, 2026
 

برطانوی ڈرائیور نے ہائیڈروجن گاڑی کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

 



آواز کی رفتار توڑنے والے برطانوی ڈرائیور اینڈی گرین نے ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑی کے ذریعے ایک نیا عالمی رفتار کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ 64 سالہ ریٹائرڈ رائل ایئر فورس پائلٹ نے امریکی ریاست یوٹاہ کے بون ویل سالٹ فلیٹس میں ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑی ہائیڈرو میکس کو اوسطاً 654 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑایا، جو ہائیڈروجن کمبسشن انجن والی کسی گاڑی کی اب تک کی تیز ترین رفتار ہے۔ ریکارڈ دو رنز کی اوسط رفتار کی بنیاد پر قائم کیا گیا۔ ہائیڈرو میکس میں دو ہائیڈروجن انٹرنل کمبسشن انجن نصب ہیں، جو مجموعی طور پر تقریباً 1600 بریک ہارس پاور پیدا کرتے ہیں۔ اینڈی گرین اس سے قبل بھی عالمی رفتار کے ریکارڈز کے حوالے سے تاریخ رقم کر چکے ہیں۔ 1997 میں انہوں نے جیٹ انجن سے چلنے والی تھرسٹ ایس ایس سی کو امریکی ریاست نیواڈا کے بلیک راک ڈیزرٹ میں 1228 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑایا تھا۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ زمین پر گاڑی کے ذریعے آواز کی رفتار توڑنے والے پہلے اور اب تک واحد شخص بن گئے تھے۔ تقریباً 20 سال قبل گرین نے جے سی بی ڈیزل میکس کے ذریعے ڈیزل گاڑی کا عالمی زمینی رفتار ریکارڈ بھی قائم کیا تھا، جب گاڑی نے 563 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار حاصل کی۔ ہائیڈرومیکس کی نئی کامیابی نے 2004 میں قائم کیے گئے ہائیڈروجن کمبسشن گاڑی کے سابقہ عالمی ریکارڈ (298.5 کلو میٹر فی گھنٹہ) کو دوگنی سے بھی زیادہ رفتار سے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اینڈی گرین نے کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 20 سال بعد ڈیزل میکس کے ریکارڈ کے بعد ہائیڈروجن پاور کے ذریعے ایک اور عالمی زمینی رفتار کا ریکارڈ قائم کرنا ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ ان کے مطابق یہ کامیابی ایک عالمی معیار کی ٹیم اور جدید ٹیکنالوجی کی مشترکہ کاوش کا نتیجہ ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل