Thursday, August 13, 2026
 

اٹلی میں ایٹنا آتش فشاں پھٹ پڑا، مظاہرِ قدرت کو دیکھنے کیلیے سیاحوں کا رش لگ گیا

 



اٹلی کے جزیرے سسلی میں یورپ کا بلند ترین فعال آتش فشاں ماؤنٹ ایٹنا راکھ اور لاوا اگل رہا ہے جس کے شاندار مناظر دیکھنے کے لیے ہزاروں سیاح اور مقامی افراد پہاڑ کا رخ کررہے ہیں۔ یورو نیوز کے مطابق موجودہ آتش فشانی سرگرمی ساتویں روز میں داخل ہوچکی ہے۔ ایٹنا پر اس نوعیت کی سرگرمیاں ماضی میں بھی دیکھی گئی ہیں تاہم موجودہ مرحلے کا مسلسل سات دن تک جاری رہنا غیر معمولی ہے۔ کاتانیا میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف جیو فزکس اینڈ وولکینولوجی کے ایٹنیئن آبزرویٹری کے ڈائریکٹر سالوو گامبینو کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال اس امکان کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ زیادہ گہرائی سے گیس سے بھرپور میگما اوپر آرہا ہے۔ آتش فشاں کے مختلف حصوں میں بیک وقت سرگرمی جاری ہے جبکہ کچھ مقامات پر لاوا کے چشمے اور لاوا کے بہاؤ دیکھے گئے ہیں۔ فی الحال لاوا کے بہاؤ سے آبادی والے علاقوں کو خطرہ نہیں ہے تاہم راکھ کے بادل سب سے بڑا مسئلہ بنے ہوئے ہیں۔ ایٹنا کے لاوا کا نظارہ کرنے کے لیے سیاحوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آرہا ہے مقامی گائیڈز نے بتایا کہ بعض شاموں میں 2 ہزار تک افراد آتش فشاں کے علاقے میں پہنچ رہے ہیں۔ ایک مقامی گائیڈ نے بتایا کہ اس کی کمپنی کو عام موسمِ گرما کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ بکنگ کی درخواستیں موصول ہورہی ہیں۔ بعض افراد گائیڈ کے بغیر بھی خطرناک راستوں پر جانے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ کچھ سیاح مناسب جوتوں کے بجائے عام چپلیں پہن کر پہاڑ پر پہنچ گئے۔ رش کے باعث آتش فشاں تک جانے والی سڑکوں اور راستوں پر ٹریفک اور بدنظمی بھی پیدا ہوگئی ہے۔ مقامی گائیڈز نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات سے ہی آتش فشانی سرگرمی کا مشاہدہ کریں۔ خیال رہے کہ جہاں آتش فشاں کی سرگرمی نے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے وہیں راکھ کے بادلوں نے فضائی سفر بھی شدید متاثر کردیا ہے۔ ماؤنٹ ایٹنا سے نکلنے والے نارنجی رنگ کے دہکتے لاوے اور بلند ہوتے راکھ کے بادلوں کے مناظر سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ تاہم مقامی گائیڈز نے متنبہ کیا ہے کہ خوبصورت منظر دیکھنے کے شوق میں لوگ آتش فشاں کے خطرناک حصوں تک پہنچنے کی کوشش نہ کریں۔ ماہرین نے بھی خاص طور پر شام اور رات کے وقت پہاڑ پر جانے والے افراد کو محتاط رہنے، مناسب ہائیکنگ جوتے پہننے، لمبی پتلون استعمال کرنے اور اندھیرے میں ٹارچ ساتھ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ ملکی قوانین کے مطابق بعض بلندیوں تک سیاح اپنے طور پر جاسکتے ہیں تاہم زیادہ بلندی پر جانے کے لیے گائیڈ کا ساتھ ضروری ہے۔ اٹلی کے سول پروٹیکشن ادارے نے ایٹنا کے لیے یلو الرٹ جاری کر رکھا ہے۔ آتش فشاں سے مسلسل خارج ہونے والی راکھ نے سسلی کے اہم ترین فضائی مرکز کاتانیا ایئرپورٹ میں سیکڑوں پروازیں منسوخ یا تبدیل کی جا چکی ہیں اور 14 اگست کی صبح 8 بجے تک تمام آمد کی پروازیں معطل رہیں گی۔ کاتانیا اٹلی کا پانچواں مصروف ترین ایئرپورٹ ہے اور مشرقی سسلی آنے والے سیاحوں کے لیے اہم دروازہ سمجھا جاتا ہے۔ 2024 میں تقریباً 1 کروڑ 20 لاکھ مسافروں نے اس ایئرپورٹ سے سفر کیا تھا۔  ماؤنٹ ایٹنا دنیا کے سب سے زیادہ فعال آتش فشاں میں شمار ہوتا ہے اور سسلی کی شناخت کا اہم حصہ ہے۔ موجودہ سرگرمی نے ایک طرف سیاحوں کو غیر معمولی مناظر فراہم کیے ہیں تو دوسری جانب فضائی سفر، سڑکوں اور مقامی نقل و حرکت کو متاثر کیا ہے۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل