Loading
کراچی سے بلوچستان جانے والے خاندان پر فائرنگ میں 2 خواتین جاں بحق اور باپ بیٹی زخمی ہو گئے۔
بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے سیگی میں مسلح افراد نے ایک گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق جبکہ باپ اور بیٹی زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی سیگی کے علاقے سے گزر رہی تھی۔ فائرنگ کے باعث گاڑی میں سوار 2 خواتین موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں، جبکہ باپ اور بیٹی زخمی ہوئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق خواتین کی میتیں ضروری کارروائی کے لیے عبدالرحمان زئی اسپتال منتقل کی گئیں۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاندان کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ کاروباری سلسلے میں 2 روز قبل تحصیل گلستان پہنچا تھا۔
ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم گاڑی نہ رکنے پر مبینہ طور پر قبائلی گروہ کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سیگی کا علاقہ قبائلی تنازعات اور دشمنیوں کے باعث حساس تصور کیا جاتا ہے، جہاں عام شہریوں کی نقل و حرکت بھی محدود رہتی ہے۔
واقعے کے محرکات جاننے اور فائرنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے پولیس نے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل