Saturday, August 15, 2026
 

امید نہیں تھی پی پی پی کی طرف سے شکایت کا موقع ملے، سیاسی اختلاف کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے، نواز شریف

 



پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے آزاد کشمیر میں انتخابات کے حوالے سے کہا ہے کہ امید نہیں تھی پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی طرف سے شکایت کا موقع ملے، سیاست میں مخالفت کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے۔ مری میں نواز شریف کی زیرصدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے نومنتخب اراکین اسمبلی نے شرکت کی اور آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر شہباز شریف اپنے فلیٹ میں سے وزیراعظم آزاد کشمیر کو ہیلی کاپٹر دیں تاکہ وزیراعظم آزاد کشمیر آسانی سے دور دراز حلقوں میں جا سکیں اور لوگوں کے مسائل حل کریں، مریم نواز بھی آزاد کشمیر حکومت سے تعاون کریں۔ آزاد کشمیر میں انتخابات کے دوران ہونے والی بیان بازی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست میں مخالفت کو اتنا آگے نہیں لے جانا چاہیے، سیاسی مخالفت کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے، کشمیر کا ماحول ہمیشہ اچھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید نہیں تھی پیپلزپارٹی کی طرف سے کوئی شکایت کا موقع ملے، ہم نے مخالفین کے ساتھ سیاست میں ہمیشہ اچھا سلوک کیا ہے، آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت تھی۔ نواز شریف نے اس موقع پر آزاد کشمیر انتخابات میں کامیاب ہونے والے اراکین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے پہلے دو مرحلوں میں ہمیں اکثریت مل چکی ہے، جو انتخابات نہیں جیت سکے  انہیں بھی شاباش دیتا ہوں، اگر ہم نے آزاد کشمیر میں ڈیلیور نہیں کیا تو لوگ ناراض ہوں گے، آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود ترجیح ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ شہبازشریف نے حکومت سنبھالی تو ملکی حالات بہت خراب تھے، پنجاب میں ترقی کی بنیاد شہباز شریف نے رکھی جسے مریم نواز نے آگے بڑھایا، آزاد کشمیر کے عوام پنجاب کی ترقی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین نے صرف نعرے لگائے، ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا، ملک پیچھے کی طرف نہیں بلکہ آگے جا رہا ہے، بہت جلد مسائل پر قابو پالیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے طلبہ کو لیپ ٹاپس اور اسکالرشپس ملنی چاہئیں، شہبازشریف آزاد کشمیر کو زیادہ سے زیادہ فنڈز دیں، آزاد کشمیر میں کسان کارڈ ملنا چاہیے۔ نوازشریف نے کہا کہ امیر مقام اور رانا ثنا اللہ نے کشمیر الیکشن میں دن رات محنت کی، امیر مقام ایسے مہم چلا رہے تھے جیسے ان کا اپنا الیکشن ہو، جس طرح پنجاب بدلا اسی طرح آزاد کشمیر کو بھی بدلیں گے، آزاد کشمیر کابینہ کا انتخاب میرٹ پر ہونا چاہیے، ہم نے اپنے منشور پر 100 فیصد عمل کرنا ہے، آزاد کشمیر میں ترقیاتی اسکیمیں بھرپور انداز میں شروع ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنے میں لگے ہوئے ہیں، آزاد کشمیر کو بھی ترقی میں پنجاب کی سطح پر آنا چاہیے۔ صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ آزاد کشمیر پہاڑی علاقہ ہے، یہاں کے وزیراعظم کے پاس ہیلی کاپٹر ہونا ضروری ہے، وزیراعظم شہبازشریف آزاد کشمیر حکومت کو ہیلی کاپٹر دیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل