Monday, August 17, 2026
 

محمد احمد خان کا عالمی اسکالرشپ کیلیے انتخاب پاکستان کیلیے باعثِ فخر ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

 



محمد احمد خان گیلاؤڈیٹ یونیورسٹی امریکا کی ورلڈ ڈیف لیڈرشپ اسکالرشپ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پاکستان ایسوسی ایشن آف دی ڈیف کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، ضیاء الحسن لنجار اور سیکریٹری ڈی ای پی ڈی طحٰہ فاروقی بھی شریک تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ محمد احمد خان کا عالمی اسکالرشپ کے لیے انتخاب سندھ اور پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سماعت سے محروم افراد کو معیاری تعلیم اور مساوی مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد احمد خان کی کامیابی ہزاروں نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ محنت، عزم اور تعلیم کے ذریعے ہر رکاوٹ کو عبور کیا جا سکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ محمد احمد خان کا عالمی سطح پر انتخاب سندھ کے لیے اعزاز ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے متعلقہ محکموں کو سماعت سے محروم افراد کے لیے مزید تعلیمی، پیشہ ورانہ اور قائدانہ مواقع پیدا کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی کامیابیوں کو اجاگر کیا جائے تاکہ دیگر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور شمولیتی تعلیم کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ محمد احمد خان نے حوصلہ افزائی پر وزیر اعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کرتےہوئے وطن واپسی پر ڈیف کمیونٹی کی خدمت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل