Tuesday, August 18, 2026
 

وقت نے ثابت کر دیا سیاسی ہتھکنڈوں سے کسی کو مائنس نہیں کیا جا سکتا، چیئرمین پی ٹی آئی

 



چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی کا کہنا ہے کہ وقت نے ثابت کر دیا کہ سیاسی ہتھکنڈوں سے کسی کو مائنس نہیں کیا جا سکتا اور ہم بھی کسی کو سیاسی طور پر مائنس کرنے کے حق میں نہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سیاست اپنی جگہ لیکن ملک اور جمہوریت سب سے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنا ہے تو ابتدا عدالتی حکم پر عمل درآمد سے ہونی چاہیے، عدالت کے حکم پر عمل درآمد ہوگا تو آگے بات بنے گی جبکہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے ملک کا سیاسی درجہ حرارت بھی کم ہوگا۔ بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کبھی سیاست نہیں کریں گے اور صحت سے متعلق رپورٹس کو ذاتی معاملات کے لیے استعمال نہیں کریں گے، بانی پی ٹی آئی کی صحت کا مسئلہ سب سے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق مسائل بھی حل کیے جائیں، بشریٰ بی بی کو بھی اسپتال منتقل اور طبی سہولیات فراہم کرنا ان کا حق ہے۔ بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ حکومت کو شارٹ اسٹپ لینے کے بجائے ڈائیلاگ کی طرف بڑھنا چاہیے، سیاسی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے اقدامات ہونے چاہئیں اور ایسی کوئی بیان بازی نہیں ہونی چاہیے جس سے سیاسی درجہ حرارت بڑھے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ فوج، پولیس اور رینجرز کی حفاظت ہر پاکستانی کی اولین ترجیح ہے، اپنے سیکیورٹی اداروں کو کسی خطرے سے دوچار نہیں کرنا چاہتے۔ دہشت گردی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے، دہشت گردی جہاں بھی ہو، قابل مذمت ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل