Loading
پی ٹی آئی نے ایران امریکا جنگ کے بعد یو اے ای میں پاکستانیوں کے ساتھ ناروا سلوک کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھادیا، بیرسٹر گوہر نے کہا یو اے ای ہمارا دوست ملک ہے لیکن جو کچھ ہوا اس پر تحفظات ہیں، اسد قیصر نے کہا کہ بھارت اور امریکی پاسپورٹ والوں کو سفر کی اجازت دی جا رہی پاکستانیوں کو نہیں، خواجہ آصف نے کہا کہ جب آپ کسی ملک میں رہ کر اسی کے خلاف فریق بنیں گے تو وہ ردعمل تو دے گا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف نے پاکستانیوں کو اماراتی ویزا نہ ملنے، ویزا ایکسپائر ہونے پر رینیو نہ ہونے اور نامناسب سلوک کا معاملہ اٹھادیا۔
پاکستانیوں کے ویزا ایکسپائر ہونے پر انہیں رینیو نہیں کیا جارہا، گوہر
تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ یو اے ای ہمارا دوست ملک ہے لیکن امریکا، ایران کی صورتحال کے بعد جو ہوا اس پر کچھ تحفظات ہیں، جو کچھ بھی ہو رہا ہے پارلیمان کو اعتماد میں ضرور لیں، جن لوگوں کے ویزا ایکسپائر ہو گئے ان کے ویزا کو رینیو نہیں کیا جا رہا ہے ان مسائل کو ضرور دیکھیں۔
بیرسٹر گوہر نے ایک اور ایشو پر بھی کہا کہ اگر دہشت گردی جاری رہے گی تو ترقی نہیں ہوگی اس پر سیر حاصل بحث ہونی چاہیے، میں بونیر سے ہو کر آیا ہوں آف کیمرا شیئر کرنا چاہتا ہوں جو بچے باہر گئے میڈیکل اسٹڈیز کے لیے ان کے لیے جو پی ایم ڈی سی نے ٹیسٹ رکھا ہے وہ بچوں کا وقت ضائع کرنے کے برابر ہے یہ بہت سنجیدہ مسئلہ ہے۔
یو اے ای میں بارہ چودہ سال رہا ہوں، جانتا ہوں وہاں پاکستانیوں کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے، خواجہ آصف
بیرسٹر گوہر کے یو اے ای ویزا والے اعتراض پر جواب دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ یو اے ای میں بارہ چودہ سال رہا ہوں، میں جانتا ہوں وہاں پاکستانیوں کے ساتھ جو ہورہا ہے، اسی نوے فیصد وہ لوگ ہیں جن لوگوں نے حالیہ جنگ میں فریق بننے کی کوشش کی، جب آپ کسی ملک میں رہ کر اسی کے خلاف فریق بنیں گے تو وہ ردعمل تو دے گا۔
کل ایوان کو مکہ معاہدے پر بریفنگ دی جائے گی، خواجہ آصف
خواجہ آصف نے کہا کہ مکہ امن معاہدے میں جو چیزیں سامنے لائی جاسکتی ہیں اس پر ایوان کو بریف کیا جائے گا، مکہ امن معاہدے پر آج تیاری کروں گا، کل ایوان کو مکہ امن معاہدے پر بریفنگ کے لیے تیار ہیں۔
بعدازاں خواجہ آصف اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی نشست پر چلے گئے، وزیر دفاع خواجہ آصف کی اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے گفتگو ہوئی اس دوران مشاورت میں بیرسٹر گوہر بھی موجود رہے۔
جب حملہ ہوا میں سفر میں تھا وہاں ان کا ہمارے ساتھ رویہ مناسب نہیں تھا، اسد قیصر
اسد قیصر کا اظہار خیال میں کہنا تھا کہ یو اے ای ہمارا برادر ملک ہے اس کی ترقی میں پاکستانیوں کا بہت کردار ہے جب حملہ ہوا میں سفر میں تھا وہاں ان کا ہمارے ساتھ رویہ مناسب نہیں تھا، صرف بھارت اور امریکا کے پاسپورٹ والوں کو سفر کی اجازت دی جا رہی تھی، پاکستانی قوم یو اے ای کی ترقی چاہتی ہے لیکن یہ معاملہ یو اے ای کے حکام سے اٹھایا جائے۔
بلوچستان میں روزانہ پچاس ساٹھ لوگ مارے جارہے ہیں، اچکزئی
اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بنیادی طور پہ پاکستان مسائل میں گھرا ہوا ہے ایک دو دن رکھ لیں سارے لوگ بولنا چاہتے ہیں، روزانہ کم سے کم پچاس ساٹھ آدمی قتل ہوتے ہیں سب بولیں گے تو شاید کوئی راستہ نکل آئے، بلوچستان میں روزانہ پچاس ساٹھ لوگ مارے جارہے ہیں دہشت گردی سمیت دیگر مسائل روز بروز بڑھ رہے ہیں ایوان میں کم از کم دوروز تک بلوچستان کی صورتحال پر بحث کرائی جائے۔
ن لیگ نے پورے ملک میں گند ڈالا ہوا ہے آئیں ہر قسم کی گندگی صاف کی جائے، اچکزئی
اچکزئی نے کہا کہ ہم کسی کو گالیاں دینے کے قائل نہیں ہم بات چیت اور مذاکرات کے قائل ہیں بات چیت اس ایوان سے زیادہ بہتر کہیں نہیں ہوسکتی طلال چوہدری کہہ رہے ہیں اسلام آباد میں غیرقانونی آباد لوگوں نے پانی میں گند ڈالا جارہا ہے میں کہتا ہوں اس وقت پورے ملک میں آپ لوگوں نے گند ڈالا ہوا ہے آئیں لوگوں کو ہر قسم کی گندگی سے نجات دلائیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل