Wednesday, August 19, 2026
 

نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ: ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی، کھیل کا آغاز کل سے ہوگا

 



کراچی میں نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ 2026-27 کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔ پانچ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کا آغاز 20 اگست سے ہوگا۔ ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں پانچوں ٹیموں کی کپتانوں سمیعہ افضل، فضا فیاض، راویل فرحان، کومل خان اور زوفشان آیا نے شرکت کی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹورنامنٹ 20 اگست سے 4 ستمبر تک کراچی کے این بی پی اسپورٹس کمپلیکس اور ایچ پی سی اوول گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جس میں ملک بھر سے 75 انڈر 19 کھلاڑی حصہ لیں گی۔ کھلاڑیوں کو زیادہ مسابقتی کرکٹ فراہم کرنے کے لیے ٹورنامنٹ کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 30 اوورز کے میچز ہوں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں 20 اوورز کے مقابلے کھیلے جائیں گے اور فائنل بھی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر ہوگا۔ ہر ٹیم ڈبل لیگ راؤنڈ رابن مرحلے میں مجموعی طور پر 8 میچز کھیلے گی جس کے بعد ٹاپ دو ٹیمیں 4 ستمبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ سے پاکستان میں خواتین کی پروفیشنل کرکٹ کے لیے نئی صلاحیتیں سامنے آنے میں مدد ملے گی جبکہ اے سی سی ویمنز انڈر 19 ایشیا کپ اور آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ورلڈ کپ جیسے اہم ایونٹس کے لیے کھلاڑیوں کے پول کو حتمی شکل دینے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل