Thursday, August 20, 2026
 

یمن کے قریب مسلح افراد آئل ٹینکر پر قبضہ کرکے صومالیہ لے گئے

 



یمن کے ساحل کے قریب خلیج عدن میں ایک آئل ٹینکر پر 6 مسلح افراد نے سوار ہو کر جہاز کا کنٹرول سنبھال لیا اور اس کا رخ صومالیہ کی جانب موڑ دیا۔ برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق یہ واقعہ المکلا سے تقریباً 136 ناٹیکل میل مشرق میں پیش آیا جب ٹینکر خلیج عدن میں مغرب کی سمت سفر کررہا تھا کہ ایک غیر مجاز کشتی اس کے قریب پہنچی۔ کشتی میں سوار مسلح افراد میں سے 6 افراد نے آئل ٹینکر کا کنٹرول سنبھال لیا اور اسے صومالیہ کی جانب لے گئے۔ مبینہ طور پر یہ مسلح افراد بھری قذاق ہوسکتے ہیں تاہم اس کی تردید یا تصدیق نہیں ہوسکی۔ آئل ٹینکر نے سمندری ہنگامی مواصلاتی چینل پر مدد کے لیے پیغام بھیجا تھا جس کے بعد برطانوی بحری نگرانی ادارے کو اطلاع ملی کہ 6 مسلح افراد جہاز پر سوار ہوچکے ہیں اور انھوں نے اس کا کنٹرول حاصل کرلیا۔   برطانوی ادارے نے اس واقعے کو ہائی جیکنگ قرار دیتے ہوئے خطے میں موجود دیگر تجارتی جہازوں کو محتاط رہنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔ تاہم برطانوی ادارے نے یہ نہیں بتایا کہ ٹینکر کس ملک کے جھنڈے تلے سفر کررہا تھا اس میں کتنا عملہ موجود تھا یا عملے کے افراد محفوظ ہیں یا نہیں۔ واقعے کے وقت جہاز کی منزل بھی فوری طور پر واضح نہیں کی گئی۔ ابتدائی اطلاعات میں اس واقعے کو یمن کے ایران نواز حوثی گروپ کے حملوں سے الگ نوعیت کا سمجھا جارہا ہے۔ خطے میں حالیہ عرصے کے دوران حوثیوں کی جانب سے بحری جہازوں اور سعودی مفادات کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں جاری رہی ہیں۔ یاد رہے کہ 17 جولائی کو بھی آسانا نامی آئل ٹینکر یمن کے ساحل کے قریب مسلح افراد کے قبضے میں چلا گیا تھا۔ اس جہاز کو بھی صومالی پانیوں میں لے جایا گیا اور وہاں موجود قزاقوں کے قبضے میں رہنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل