Loading
میگھن مارکل اپنے شوہر پرنس ہیری کے ہمراہ برطانیہ منتقل ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے پر غور کر رہی ہیں۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ برطانیہ واپسی کے ممکنہ اسباب میں میگھن کو ایک نئے پروجیکٹ میں اداکاری کی پیشکش بھی شامل ہے۔
برطانوی اور آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوز ڈاٹ کام ڈاٹ اے یو نے سب سے پہلے یہ خبر سامنے لائی تھی کہ ہیری اور میگھن کی برطانیہ واپسی کے فیصلے کی ایک وجہ ڈچس آف سسیکس کو وہاں ملنے والا ایک ممکنہ اداکاری کا کردار بھی ہوسکتا ہے۔ تاہم ابھی تک اس پروجیکٹ یا میگھن کے کردار سے متعلق کوئی حتمی تفصیلات منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سسیکس خاندان اگست کے اختتام تک برطانیہ پہنچ سکتا ہے۔ پرنس ہیری اور میگھن اپنے دونوں بچوں، 7 سالہ پرنس آرچی اور 5 سالہ پرنسس للی بیٹ کے ساتھ لندن کے قریب ایک نجی اور غیر شاہی رہائش گاہ میں قیام کریں گے۔
میگھن مارکل کو اداکاری میں عالمی شہرت امریکی قانونی ڈراما سیریز ’سوٹس‘ سے ملی، جس میں انہوں نے 7 سیزنز تک ریچل زین کا کردار ادا کیا۔ یہ ڈراما 2018 میں نشر ہوا تھا اور اسی کے ذریعے میگھن نے عالمی سطح پر اپنی شناخت مضبوط بنائی۔
پرنس ہیری سے شادی کے بعد میگھن نے اداکاری سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔ اس وقت بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے اداکاری چھوڑنے کو کسی چیز سے دستبرداری کے بجائے زندگی کا ’ایک نیا باب‘ قرار دیا تھا۔
تاہم حالیہ عرصے میں اداکاری کی جانب ان کی واپسی کے آثار نظر آئے، جب انہوں نے تقریباً ایک دہائی بعد کامیڈی فلم ’کلوز پرسنل فرینڈز‘ میں مختصر کردار ادا کیا۔ ممکنہ طور پر باقاعدہ اداکاری میں واپسی میگھن کے لیے مالی اعتبار سے بھی فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب بی بی سی کے مطابق میگھن برطانیہ میں قیام کے دوران اپنے امریکی طرزِ زندگی اور کوکنگ برانڈ ’ایز ایور‘ کو بھی عالمی سطح پر وسعت دینے کی خواہش رکھتی ہیں۔
فی الحال میگھن کی برطانیہ میں کسی نئے اداکاری کے پروجیکٹ میں شمولیت کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی، تاہم اگر انہیں ملنے والی مبینہ پیشکش حقیقت کا روپ دھارتی ہے تو یہ ان کے طویل وقفے کے بعد اداکاری کے شعبے میں ایک اہم واپسی ہوگی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل