Loading
یوکرین کے دارالحکومت کیف اور اس کے گردونواح میں روسی فوج کے بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے جمعرات کی علی الصباح دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں کو بیلسٹک، کروز اور ہائپرسونک میزائلوں کے ساتھ بڑی تعداد میں ڈرونز سے نشانہ بنایا۔
یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے بتایا کہ روس کے ان تازہ حملوں میں دارالحکومت کی متعدد رہائشی عمارتیں، صنعتی تنصیبات، گودام اور دیگر شہری انفرااسٹریکچرز کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ اس کی افواج نے یوکرین میں ڈرون کے پرزے تیار کرنے والی تنصیبات، ایک فوجی ذخیرہ گاہ اور ایک لاجسٹک مرکز کو نشانہ بنایا۔
ماسکو نے شہری علاقوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کے الزام کی تردید کرتے ہوئے اپنے حملوں کو فوجی اہداف تک محدود قرار دیا ہے۔
کیف کے میئر نے بتایا کہ شہر کے مختلف حصوں میں رات بھر دھماکوں کی آوازیں گونجتی رہیں۔ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔
حملے میں ایک رہائشی عمارت کا بڑا حصہ تباہ ہوگیا جبکہ بچوں کا ایک اسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ سڑکوں اور پلوں کو ہونے والے نقصان سے ٹریفک کا بہاؤ متاثر ہوا ہے۔
یوکرینی فضائیہ نے بتایا کہ روس نے رات بھر کے حملوں میں 168 ڈرونز کے علاوہ درجنوں بیلسٹک، کروز اور ہائپرسونک میزائل داغے تھے۔ جن میں سے 145 ڈرونز اور متعدد کروز میزائلوں کو فضا میں ہی مار گرایا۔
یوکرین کے بھی روس پر ڈرون حملے
ادھر روسی دارالحکومت ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے دعویٰ کیا کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب 250 یوکرینی ڈرونز ماسکو کے علاقے کی جانب آئے جن میں سے بیشتر کو دارالحکومت سے خاصے فاصلے پر تباہ کردیا گیا۔
ان کے مطابق ماسکو ریجن میں کم از کم 28 ڈرونز مار گرائے گئے۔ روسی حکام نے ان حملوں میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان کی اطلاعات کی تردید کیا ہے۔
یوکرین پر روسی حملوں کے ساتھ ساتھ کیف نے بھی حالیہ مہینوں میں روسی علاقوں اور تنصیبات کے خلاف ڈرون کارروائیاں تیز کی ہیں۔
یوکرین کا کہنا ہے کہ روس پر دباؤ بڑھانے کا مقصد ماسکو کو جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی طرف لانا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل