Loading
پاکستان اور ملایشیا کے درمیان سزا یافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط کردیے گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیرِ اعظم نے ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتو سری سیف الدین نسوتیون اسماعیل سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزیر داخلہ کا خیرمقدم کیا پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بالخصوص سکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان کی علاقائی امن کے لیے جاری کوششوں کی ملائیشیا کی جانب سے حمایت کو سراہا۔
ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے وزیراعظم داتو سری انور بن ابراہیم کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں ملائیشیا کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
دستخطی تقریب
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان سزایافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ معاہدے پر ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتو سری سیف الدین نسوتیون اسماعیل اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے دستخط کیے۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل