Loading
ای سی سی نے پاسکو کی گندم وصول کنندہ اداروں کو فراہم کرنے، غیر ملکی سپلائرز کے اکاؤنٹ پر پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے، روزویلٹ ہوٹل کی ازسرنو ترقی کے لیے یونین کے ساتھ مذاکرات کرنے والی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دے دی۔
وزارت خزانہ کے مطابق پیر کو ہوئے ای سی سی کے اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز سے متعلق 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ ای سی سی نے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ پاسکو کے گندم ذخائر تمام وصول کنندہ اداروں کو 85 فیصد مقامی اور 15 فیصد درآمدی گندم کی شرح سے فراہم کرنے کی سمری کی منظوری دے دی۔
یہ تجویز پاسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سفارش پر پیش کی گئی تھی جس کا مقصد درآمدی گندم کے ذخیرے کو بروقت تلف کرنا تھا۔ ای سی سی نے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ پیٹرولیم مصنوعات غیر ملکی سپلائرز کے اکاؤنٹ پر کسٹمز بانڈڈ اسٹوریج سہولیات کے ذریعے درآمد کرنے کی تجویز بھی منظور کرلی اس تجویز کا مقصد آئل اور گیس کے شعبے میں ملک کے توانائی کے تحفظ کے بنیادی ستونوں کو ترقی اور مضبوط بنانا ہے جن میں مقامی پیداوار، اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر کی ترقی اور کسٹمز بانڈڈ اسٹوریج سہولیات کا فروغ شامل ہے تاکہ پٹرولیم کی مضبوط اور پائیدار سپلائی چین یقینی بنائی جا سکے۔
ای سی سی نے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ سمری پر پاکستان اور سلطنت عمان کے درمیان پہلے طے پانے والے بین الحکومتی معاہدے کی روشنی میں سیل پرچیز ایگریمنٹ کی بھی منظوری دے دی، اس معاہدے کا مقصد توانائی کے شعبے میں او کیو ٹریڈنگ اور پی ایس او کے درمیان تعاون کو فروغ اور ترقی دینا ہے۔
ای سی سی نے ڈیفنس ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ سمری پر روزویلٹ ہوٹل کی ازسرنو ترقی کے لیے یونین کے ساتھ رابطہ کرتے ہوئے تصفیے کے لیے مذاکرات کرنے والی کمیٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دی۔
ڈیفنس ڈویژن کی ایک اور سمری پر ای سی سی نے پی آئی اے آئی ایل اور نیشنل بینک آف پاکستان کے درمیان طے شدہ ٹرم شیٹ کی بنیاد پر 153.855 ملین امریکی ڈالرجو پاکستانی روپے کے مساوی ہوں گے، ان کی حکومتی ضمانت کی منظوری دے دی ہے ای سی سی نے واٹر ریسورسز ڈویژن کی جانب سے گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم (کے فور منصوبہ) کے لیے 7 ارب 797 کروڑ 16 لاکھ روپے کے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی تجویز بھی منظور کرلی ہے۔
یہ رقم حکومت سندھ کی جانب سے صوبائی کنسولیڈیٹڈ فنڈ سے وفاقی کنسولیڈیٹڈ فنڈ کے ذریعے منتقل کی گئی تھی۔
ای سی سی نے وزارت داخلہ و انسداد منشیات ڈویژن کی جانب سے فنانس ڈویژن کی بچت سے فرنٹیئر کور بلوچستان (ساؤتھ) کے لیے 56 کروڑ 70 لاکھ 32 ہزار روپے کے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی تجویز بھی منظور کرلی جس کا مقصد ریکوڈک منصوبے کی سرگرمیوں کی سکیورٹی کو ہموار بنانا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل