Loading
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ویمنز ایشیا کپ 2026 سے قبل ٹیم کی تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیمپ میں زیادہ تر میچز بوائز کے ساتھ کھیلے جس سے ہمیں بہت فائدہ ہوا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ ثنا نے کہا کہ ٹیم نے ماضی کی غلطیوں پر قابو پانے کے لیے کام کیا ہے اور ایشیا کپ میں ہر میچ کو اہمیت دی جائے گی، صرف بھارت کے خلاف مقابلے پر توجہ مرکوز نہیں ہے۔
قومی کپتان نے دی ہنڈرڈ میں شرکت کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر کی حیثیت سے انگلش لیگ میں کھیلنا بہت اچھا تجربہ رہا۔ ایونٹ میں پاکستان کا نام آنے پر خوشی ہوئی اور امید ہے کہ مستقبل میں مزید پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی وہاں کھیلنے کا موقع ملے گا۔
فاطمہ ثنا نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بیٹنگ اور بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ پر بھی خصوصی توجہ دیں کیونکہ کامیابی کے لیے تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مردوں کی ٹیم کے ساتھ ٹریننگ اور میچز سے کھلاڑیوں کو مشکل حالات میں کھیلنے کا تجربہ ملا ہے جس سے ایشیا کپ کی تیاریوں میں مدد مل رہی ہے۔
واضح رہے کہ ویمنز ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان گروپ اے میں بھارت، ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ کے ساتھ شامل ہے۔ قومی ٹیم یکم ستمبر کو تھائی لینڈ، 5 ستمبر کو بھارت اور 7 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل