Thursday, August 27, 2026
 

سعودی عرب کے کاروباری گروپ کا پاکستان میں سرماریہ کاری کو مزید وسعت دینے کا ارادہ

 



سعودی عرب کے کاروباری گروپ نے پاکستان پر اعتماد اور ملک میں سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے سعودی اسیاد گروپ کے سی ای او اور وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین غسان احمد امودی کی ملاقات ہوئی جس میں سعودی گروپ نے پاکستان پر اعتماد کا اعادہ، ملک میں سرمایہ کاری مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ اسیاد گروپ کی پاکستان میں نئے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور حکومت کے جاری نجکاری پروگرام سے پیدا ہونے والے سرمایہ کاری کے مواقع میں گہری دلچسپی ظاہر کی جبکہ آئندہ ایئرپورٹس کی نجکاری کے عمل میں شرکت کی خواہش بھی ظاہر کی۔ اسیاد گروپ نے سعودی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ ایئرپورٹس کی نجکاری میں حصہ لینے کا منصوبہ پیش کرتے ہوئے مالیاتی شعبے سمیت پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ گروپ نے ممکنہ منصوبوں کے لیے سعودی اور پاکستانی سرمایہ کاروں کو یکجا کرنے میں دلچسپی بھی ظاہر کی۔ اس کے علاوہ وافی انرجی نے پاکستان کے ریٹیل نیٹ ورک، اسٹوریج انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹلائزیشن میں توسیع جبکہ خیبر پختونخوا سمیت ملک کے دیگر حصوں میں سرمایہ کاری اور آپریشنز مزید وسعت دینے کا منصوبہ پیش کیا۔ وزیر خزانہ کا پاکستان میں سعودی سرمایہ کاروں کی مسلسل دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ قابلِ اعتماد اور طویل مدتی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی جانب راغب کرنا حکومت کی ترجیح ہے، نجکاری پروگرام سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کثیرالجہتی اقتصادی روابط، سرمایہ کاری، تجارت اور نجی شعبے کے تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے پاکستان میں معاشی استحکام کی جانب پیش رفت اور اہم معاشی اشاریوں میں بہتری، پاکستان کے خودمختار کریڈٹ پروفائل میں بہتری کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی نظم و ضبط، ساختی اصلاحات اور نجی شعبے کی شمولیت کے ذریعے پائیدار اور سرمایہ کاری پر مبنی معاشی نمو حکومت کی ترجیح ہے، پاکستان کا تزویراتی محلِ وقوع علاقائی منڈیوں تک رسائی کے لیے اہم مواقع فراہم کرتا ہے۔ اسیاد گروپ نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری اور پاک و سعودی عرب کے دیرینہ اقتصادی و تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل