Loading
گرین کریڈٹ پروگرام میں 14 ماہ کے دوران ایک لاکھ 42 ہزار سے زائد شہری رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شہریوں کو ماحول دوست سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے دسمبر 2024 میں شروع کیے گئے سی ایم پنجاب گرین کریڈٹ پروگرام میں اب تک ایک لاکھ 42 ہزار 451 شہری رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ پروگرام 41 اضلاع تک پہنچ چکا ہے۔
سرکاری ڈیش بورڈ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں رجسٹریشن میں 18 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ایک روز میں 476 صارفین فعال رہے۔ پروگرام کے تحت ماحول دوست اقدامات کو مالی مراعات سے منسلک کیا گیا ہے۔
گرین کریڈٹ پروگرام کے ٹاسک ٹیم لیڈ ڈاکٹر واجد اعجاز نے بتایا کہ الیکٹرک بائیک یا سکوٹی خریدنے اور استعمال کرنے پر شہری کو مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے گرین کریڈٹ دیا جائے گا۔ 50 ہزار روپے ای بائیک خریدتے وقت جبکہ مزید 50 ہزار روپے بائیک 6 ہزار کلومیٹر چلانے کے بعد دیے جائیں گے۔
ڈاکٹر واجد اعجاز کے مطابق پلاسٹک آلودگی میں کمی کے لیے بھی مالی ترغیب رکھی گئی ہے۔ ایک شہری ایک کلو پلاسٹک کی خالی بوتلیں جمع کرانے پر 2500 روپے گرین کریڈٹ حاصل کرسکتا ہے، تاہم زیادہ سے زیادہ 4 کلو بوتلیں جمع کرائی جاسکتی ہیں، یوں اس مد میں 10 ہزار روپے تک حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
لاہور میں پلاسٹک کچرے اور خالی بوتلوں کی خریداری کے لیے 2 رجسٹرڈ وینڈر بھی موجود ہیں جو پلاسٹک کو ری سائیکل کرتے ہیں۔
پروگرام کے تحت دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی تصاویر بنانے اور زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے دھواں چھوڑنے والے اینٹوں کے بھٹوں کی نشاندہی پر بھی گرین کریڈٹ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح بارش کے پانی کو کارآمد بنانے، پانی چوس کنویں بنانے، سائیکل چلانے اور 10 پودے لگانے پر بھی ایک گرین کریڈٹ دیا جائے گا۔
ڈاکٹر واجد اعجاز کے مطابق شہریوں کو گرین کریڈٹ دینے کے لیے مجموعی طور پر 38 ماحول دوست اقدامات پروگرام میں شامل کیے گئے ہیں، جن کا مقصد فضائی آلودگی میں کمی، پانی کے تحفظ، پلاسٹک کے بہتر انتظام، شجرکاری اور ماحول دوست طرز زندگی کو فروغ دینا ہے۔ پروگرام کے تشہیری مواد میں بھی 38 گرین ایکشنز کا ذکر کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کو حاصل تفصیلات کے مطابق اب تک شہریوں کو 3 کروڑ 65 لاکھ روپے ادا کیے جاچکے ہیں جبکہ گزشتہ 3 ماہ میں ایک کروڑ 65 لاکھ روپے کی ادائیگی ہوئی۔ اس طرح مجموعی ادائیگی کا تقریباً 45 فیصد حصہ گزشتہ تین ماہ میں جاری کیا گیا۔
پروگرام میں مردوں کے ساتھ خواتین کی شرکت بھی جاری ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 24 ہزار 252 مرد اور 18 ہزار 149 خواتین رجسٹرڈ ہیں، خواتین کا حصہ 13 فیصد جبکہ مردوں کا 87 فیصد ہے۔
حکام کے مطابق گرین کریڈٹ پروگرام کا مقصد شہریوں کو صرف رجسٹریشن تک محدود رکھنا نہیں بلکہ انہیں عملی طور پر ماحولیاتی سرگرمیوں میں شریک کرنا ہے۔
مانیٹرنگ، رپورٹنگ اور تصدیق کے نظام کے ذریعے ماحول دوست سرگرمیوں کی جانچ کے بعد گرین کریڈٹ جاری کیا جاتا ہے۔ اس طرح حکومت نے ماحولیاتی تحفظ کو شہریوں کے لیے مالی فائدے کے ساتھ جوڑ کر آلودگی میں کمی اور ماحول دوست سرگرمیوں کے فروغ کی کوشش کی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل