Saturday, August 29, 2026
 

مراد سعید کا احسن اقبال ہرجانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

 



پی ٹی آئی رہنما مراد سعید نے احسن اقبال کو ہرجانہ ادا کرنے کے ڈسٹرکٹ کورٹ کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی۔ عدالت میں دائر کی گئی اپیل میں 25 لاکھ روپے ہرجانے کی ڈگری کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج اسلام آباد نے 29 جولائی 2026 کو مراد سعید کو ہرجانے کی رقم احسن اقبال کو ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ مراد سعید نے اب اس فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ حتمی فیصلہ ہونے تک ڈسٹرکٹ کورٹ کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع جاری کیا جائے۔ درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ ریکارڈ پر موجود ٹھوس حقائق اور شہادتوں کے منافی ہے۔ مراد سعید نے اپیل میں مؤقف اپنایا کہ متعلقہ پریس کانفرنس سرکاری ریکارڈ اور ایف آئی اے سے موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر کی گئی تھی۔ اپیل میں کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے کیس میں عدالتی گواہان کے بیانات اور ایف آئی اے رپورٹ پر غور نہیں کیا۔ احسن اقبال اور ان کے گواہان نے خود اعتراف کیا کہ ان کی ساکھ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ مراد سعید نے اپیل میں کہا کہ ٹرائل کورٹ نے بدنیتی ثابت نہ ہونے کا اعتراف کیا، لیکن اس کے باوجود ان پر ہرجانہ عائد کردیا گیا۔ انہوں نے ہائیکورٹ سے ڈسٹرکٹ کورٹ کی ہرجانے کی ڈگری کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل