Monday, August 31, 2026
 

سویرا ندیم نے اپنی شادی اور فیملی کو میڈیا سے دور کیوں رکھا ہوا ہے؟ اداکارہ نے بتادیا

 



منجھی ہوئی اداکارہ سمیرا ندیم نے پہلی بار اپنی ازدواجی زندگی کو سوشل میڈیا سے دور رکھنے کی وجہ بتادی۔ اداکارہ سویرا ندیم نے یہ انکشاف حال ہی میں ایک مارننگ شو میں کیا جہاں گفتگو کے دوران انہوں نے پہلی بار نسبتاً تفصیل سے اپنی شادی اور خاندانی زندگی کے بارے میں بات کی۔ سویرا ندیم نے بتایا کہ انھوں نے جان بوجھ کر اپنے خاندان سے متعلق تصاویر یا تفصیلات سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کیں کیونکہ وہ اپنی نجی زندگی کی پرائیویسی برقرار رکھنا چاہتی ہیں۔ شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے سویرا ندیم نے کہا کہ یہ کوئی روایتی ارینج میرج نہیں تھی بلکہ میں نے صرف اور صرف اپنی مرضی سے شادی کی تھی۔ اداکارہ نے مزید بتایا کہ ان کی ملاقات اپنے شوہر سے مشترکہ دوستوں کے ذریعے ہوئی تھی جنہوں نے دونوں کو ایک دوسرے سے ملنے کا مشورہ دیا۔ سویرا ندیم نے کہا کہ پہلی ملاقات کے بعد دونوں کے درمیان اچھی ہم آہنگی پیدا ہوئی اور یہ تعلق شادی میں بدل گیا۔ انھوں نے اپنے شوہر کے بارے میں بتایا کہ ان کے شوہر کا تعلق شوبز سے نہیں بلکہ ٹیکنالوجی کے شعبے سے ہے اور وہ سافٹ ویئر پروفیشنل ہیں۔ اداکارہ نے دلچسپ انداز میں بتایا کہ شادی سے پہلے ان کے شوہر نے ان کی اداکاری بھی نہیں دیکھی تھی۔ سویرا کے بقول میں نے اپنے شوہر کو بعد میں خود اپنی اداکاری دکھانے کے لیے پرانی ڈی وی ڈیز دیکھنے پر مجبور کیا تھا۔ اداکارہ نے شوہر کو اپنی زندگی کا معاون قرار دیتے ہوئے کہا کہ بطور شریکِ حیات انتہائی سپورٹو ہیں اور دونوں بچوں کی پرورش سمیت زندگی کے اہم معاملات میں ہم ایک ہی سوچ رکھتے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ان کے دو بچے ہیں اور ان کے شوہر ایک ’ہینڈز آن فادر‘ ہیں یعنی بچوں کی دیکھ بھال اور تربیت میں عملی طور پر بھرپور حصہ لیتے ہیں۔ اداکارہ نے بچوں کی پرورش کے حوالے سے معمولات کی اہمیت پر بھی بات کی۔ ان کے بقول وہ اور ان کے شوہر روزمرہ زندگی میں ایک باقاعدہ روٹین کی پابندی کرتے ہیں اور بچوں کو بھی اسی معمول کا عادی بنایا ہے۔ سویرا ندیم کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈاکٹروں سے یہ بات سنی ہے کہ بچوں کو باقاعدہ روٹین میں رکھنے سے انہیں تحفظ اور ذہنی سکون کا احساس ہوتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے شوہر گھر کے معمولات کی پابندی کے معاملے میں ان سے بھی زیادہ محتاط ہیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل