Loading
گرما گرم اور خستہ پراٹھا ناشتے کا مزہ دوبالا کر دیتا ہے لیکن اسے بناتے وقت کچن میں پھیلنے والا دھواں اور جلے ہوئے تیل کی بو اکثر پریشانی کا باعث بن جاتی ہے۔
خصوصاً ایک ساتھ کئی پراٹھے بناتے وقت توا، گھی یا تیل زیادہ گرم ہونے سے دھواں بڑھ سکتا ہے جو کچن سے نکل کر پورے گھر میں پھیل جاتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ مسلسل اٹھنے والا چکنا دھواں کچن کی دیواروں اور دوسری سطحوں پر چکنائی جمنے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
اگر آپ کے ساتھ بھی ایسا ہوتا ہے تو پراٹھے بناتے وقت چند عام غلطیوں سے بچ کر دھواں کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
توا ضرورت سے زیادہ گرم نہ کریں
پراٹھا بنانے کیلئے توے کا گرم ہونا ضروری ہے لیکن اسے انتہائی تیز آنچ پر چھوڑ دینا دھواں بڑھا سکتا ہے۔
توا مناسب حد تک گرم ہو جائے تو پراٹھا اس پر رکھ کر آنچ درمیانی یا ہلکی کر دیں۔ پراٹھے کو پہلے کچھ دیر پکنے دیں اور اس کے بعد گھی یا تیل استعمال کریں۔
گھی یا تیل خالی گرم توے پر نہ ڈالیں
بہت سے لوگ پراٹھا رکھنے سے پہلے ہی گرم توے پر گھی یا تیل ڈال دیتے ہیں۔ زیادہ گرم سطح پر تیل پہنچنے سے وہ جلد دھواں دینے لگ سکتا ہے۔
اس کے بجائے پہلے پراٹھے کو توے پر کچھ دیر پکائیں اور پھر اس کے اوپر یا کناروں پر ضرورت کے مطابق گھی یا تیل لگائیں۔
زیادہ تیل سے بچنے کیلئے برش استعمال کریں
چمچ سے گھی یا تیل ڈالنے پر مقدار ضرورت سے زیادہ ہو سکتی ہے اور اضافی تیل توے پر گر کر جلنے لگتا ہے۔
کچن برش کی مدد سے پراٹھے پر گھی یا تیل کی پتلی اور یکساں تہہ لگائی جا سکتی ہے جس سے غیر ضروری تیل کا استعمال اور دھواں دونوں کم رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ہر نئے پراٹھے سے پہلے توے پر نظر ڈالیں
توے پر موجود جلا ہوا آٹا، روٹی کے چھوٹے ٹکڑے یا کھانے کے دیگر ذرات دوبارہ گرم ہونے پر جل کر دھواں اور ناگوار بو پیدا کر سکتے ہیں۔
اس لیے پراٹھے بنانے سے پہلے توا صاف رکھیں اور اگر کئی پراٹھے بنا رہے ہیں تو درمیان میں جمع ہونے والے جلے ہوئے ذرات بھی احتیاط سے صاف کرتے رہیں۔
کچن کی وینٹی لیشن کو نظر انداز نہ کریں
اگر گھر میں اکثر پراٹھے یا تیل اور گھی میں پکنے والی دوسری چیزیں بنتی ہیں تو مناسب ایگزاسٹ فین یا کچن چمنی خاصی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
کھانا پکاتے وقت ایگزاسٹ آن رکھنے سے پیدا ہونے والے دھوئیں، بھاپ اور بو کو باہر نکالنے میں مدد ملتی ہے اور پورے گھر میں پھیلنے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔
دھواں پھر بھی بہت زیادہ ہو تو کیا کریں؟
پراٹھا بناتے وقت معمولی دھواں کبھی کبھار پیدا ہو سکتا ہے لیکن اگر ہر مرتبہ کچن دھوئیں سے بھر جاتا ہے تو آنچ کی شدت، استعمال ہونے والے تیل یا گھی کی مقدار، توے کی صفائی اور کچن کی ہوا کی نکاسی پر توجہ دینا ضروری ہے۔
ان چھوٹی تبدیلیوں سے پراٹھے بنانے کا عمل زیادہ آرام دہ ہو سکتا ہے اور کچن کو دھوئیں، جلی ہوئی بو اور چکنائی سے بچانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل