Thursday, September 03, 2026
 

جلاؤ گھیراؤ؛ کراچی کو یرغمال بنانے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دینگے، شرجیل میمن

 



سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کے ذریعے کراچی کو یرغمال بنانے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کراچی میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی مقاصد کے لیے شہریوں کی زندگی اجیرن کرنا اور شہر میں بدامنی پھیلانا انتہائی افسوسناک ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ احتجاج کے نام پر شہر کو یرغمال بنانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ احتجاج کی آڑ میں شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا احتجاج نہیں بلکہ قانون کو چیلنج کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو احتجاج کا پورا حق ہے، لیکن شرپسند عناصر کو عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کی چھوٹ نہیں دی جا سکتی۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔ سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ جو لوگ آگ لگائیں گے، سڑکیں بند کریں گے اور املاک کو نقصان پہنچائیں گے، انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ احتجاج کے نام پر کراچی کو یرغمال بنانے کی کوشش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورنگی میں نامعلوم افراد کی جانب حالات خراب کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو واقعے کی فوری تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا پولیس کو کورنگی میں امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کورنگی کراسنگ میں موٹر سائیکلوں کو آگ لگانے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل