Loading
ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اسمارٹ فونز میں بڑھتی ہوئی ریم کی ضروریات اور ایپس کی جانب سے زیادہ میموری استعمال کیے جانے کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے گوگل پلے پر ایپس اور گیمز کے لیے نئے کارکردگی کے معیار متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
اینڈرائیڈ ڈویلپرز بلاگ پر جاری بیان کے مطابق گوگل کا مقصد ایپس کے میموری استعمال کو کم کرنا، ڈیٹا ٹرانسفر کو زیادہ مؤثر بنانا اور ڈیوائس کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ نئے اقدامات کے تحت ڈویلپرز کو اپنی ایپس کو اس طرح بہتر بنانا ہوگا کہ وہ غیر ضروری طور پر زیادہ ریم استعمال نہ کریں۔
گوگل پلے پر اینڈرائیڈ ایپس اور گیمز کے لیے مخصوص پرفارمنس تھریش ہولڈز مقرر کیے جائیں گے۔ ایسی ایپس جو ضرورت سے زیادہ میموری استعمال کرکے فون کی رفتار متاثر کرتی ہیں، انہیں نئے معیار پر پورا اترنے کے لیے اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی۔
نئے معیار میں ڈائنامک میموری منیجمنٹ (بشمول انانیمس آر ایس ایس اور سویپ)، بِٹ میپ ڈیٹا یوٹیلائیزیشن اور ڈیکس کوڈ آپٹیمائیزیشن جیسے شعبے شامل ہیں۔
گوگل کے مطابق ان اقدامات کا مقصد میموری کی کمی کے باعث فون کے سست ہونے اور ایپس کے خودکار طور پر بند ہونے کے واقعات کو کم کرنا ہے۔
گوگل نے نئی ڈیوائسز کے لیے زیرو-ٹیپ سائن-اِن کے عمل کو بھی بہتر بنانے کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے صارفین کے لیے سائن اِن کا تجربہ مزید آسان اور محفوظ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں سے نہ صرف ایپس زیادہ مؤثر انداز میں کام کریں گی بلکہ کم ریم والے اینڈرائیڈ فونز پر بھی صارفین کو نسبتاً بہتر اور ہموار تجربہ مل سکے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل