Loading
پاکستان کے یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر تہران میں پاکستان ہاوٴس میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی مسلح افواج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر تہران میں پاکستان ہاوٴس میں منعقدہ تقریب میں پاکستان کے ایران میں سفیر عمران احمد صدیقی نے تقریب میں شریک معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور ملکی دفاع کے لیے مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہا۔
اس موقع پر سفیر عمران احمد صدیقی نے کہا کہ پاکستان کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو بہترین خراجِ عقیدت یہی ہے کہ ایسا ملک تعمیر کیا جائے جو نہ صرف محفوظ اور خوشحال ہو بلکہ امن اور مذاکرات کو محاذ آرائی اور تنازع پر ترجیح دینے کا حوصلہ بھی رکھتا ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اختلافات کے حل کے لیے سفارت کاری، مذاکرات اور اعتماد سازی کو بہترین ذرائع سمجھتا ہے، تاہم ملکی خودمختاری کو درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے پاکستان مکمل طور پر تیار ہے۔
سفیر عمران احمد صدیقی نے کہا کہ پاکستان اپنے حقوق اور قومی مفادات، بالخصوص دریائے سندھ کے اہم آبی وسائل سے متعلق مفادات کے تحفظ کے لیے تمام جائز ذرائع بروئے کار لاتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی صرف روایتی دفاعی تصور تک محدود نہیں بلکہ اس میں معاشی استحکام، سماجی ترقی، تکنیکی صلاحیت اور توانائی، خوراک، پانی اور صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ریاستی صلاحیت بھی شامل ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو بہترین خراجِ عقیدت یہی ہے کہ ایسا ملک تعمیر کیا جائے جو نہ صرف محفوظ اور خوشحال ہو بلکہ امن اور مذاکرات کو محاذ آرائی اور تنازع پر ترجیح دینے کا حوصلہ بھی رکھتا ہو۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ایران کے نائب وزیر دفاع اور وزارتِ دفاع و مسلح افواج کے لاجسٹکس کے بین الاقوامی تعلقات کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر جنرل سید حمزہ گلنداری تھے۔
سفیر صدیقی نے ان کی شرکت کو پاک ایران دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کا باعث قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ رواں سال کے آغاز سے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے، جبکہ دونوں ملکوں کی سیاسی اور عسکری قیادت نے باہمی تعلقات کو مستحکم اور وسعت دینے میں مخلصانہ کردار ادا کیا ہے۔
اس موقع پر پاکستانی سفارتخانے کے دفاعی و عسکری اتاشی بریگیڈیئر ناصر عزیز خٹک نے یومِ دفاع و شہدا کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ملک کے دفاع میں بہادر فوجیوں کی بے لوث قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر ملکی تاریخ کا اہم دن ہے جب قوم متحد ہوکر عددی برتری رکھنے والے جارح دشمن کی پیش قدمی ناکام بنانے میں کامیاب ہوئی۔بریگیڈیئر ناصر عزیز خٹک نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بھی یاد کیا اور کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے ناانصافی اور ظلم کا سامنا کر رہے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل