Loading
کورنگی پرچون کے بڑے ہول سیلر کے عملے سے ڈکیتی کی واردات کے دوران 2 کروڑ 50 لاکھ روپے اسلحے کے زور پر چھیننے کے واقعے کا مقدمہ کورنگی تھانے میں نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی تھانے کے علاقے کورنگی نمبر ڈھائی گجر باڑے کے قریب پرچون کے بڑے ہول سیلر کے عملے سے ڈکیتی کی واردات کے دوران 2 کروڑ 50 لاکھ روپے اسلحے کے زور پر چھیننے کے واقعے کا مقدمہ کورنگی تھانے میں پرچون کے ہول سیلر قربان علی کی مدعیت میں نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا۔
مدعی مقدمہ نے پولیس کو بتایا کہ پیر کے روز ان کا ڈرائیور فیض محمد ولد تاج اور سیکیورٹی گارڈ مشتاق ولد عثمان، جسے چند روز قبل سیکیورٹی کمپنی کی جانب سے ان کی دکان پر تعینات کیا گیا تھا، تقریباً ساڑھے 11 بجے آلٹو گاڑی نمبر BZL-312 میں سوار ہو کر دکان سے 2 کروڑ 50 لاکھ روپے بینک میں جمع کروانے کے لیے ویٹا چورنگی جا رہے تھے۔
مدعی کے مطابق 10 سے 15 منٹ بعد ڈرائیور نے مدعی کے بیٹے محمد نبیل کو فون کرکے بتایا کہ کورنگی ڈھائی نمبر پر ڈاکوؤں نے ان کے ساتھ واردات کر لی ہے۔ اطلاع ملنے پر بیٹا فوری جائے واردات پر پہنچا جہاں ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈ موجود تھے۔
ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ ہم رقم جمع کروانے جا رہے تھے کہ ایک گاڑی نے ہمارے سامنے آکر راستہ روکا، اسی دوران 3 موٹر سائیکلوں پر 2 دو ملزمان بھی سوار تھے جبکہ گاڑی میں سوار ملزمان نے اپنے چہرے ڈھانپے ہوئے تھے۔
گاڑی سے 4 ملزمان اترے اور اسلحہ دِکھا کر سیکیورٹی گارڈ کو قابو کر لیا، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ہماری گاڑی کی دونوں جانب کھڑے ہو کر اسلحہ تان لیا اور گاڑی سے اترنے والے ملزمان نے ہماری گاڑی میں گارڈ کے پاس پڑا ہوا کیش 2کروڑ 50 لاکھ اور گارڈ کا اسلحہ چھین لیا، گاڑی کی چابی چھین کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل