Loading
صنعا: یمن میں حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر کے ساحلی شہر موخا کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، جس کے بعد انہیں اہم بحری گزرگاہ باب المندب کے قریب مزید پیش قدمی کا موقع مل گیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق یمنی حکومت کے تین ذرائع نے بتایا کہ حوثیوں نے موخا پر قبضہ کرلیا ہے۔ یہ شہر باب المندب کے قریب واقع ہے اور اس پر کنٹرول حوثیوں کو بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے میں اہم تزویراتی فائدہ دے سکتا ہے۔
دوسری جانب حوثی خبر رساں ایجنسی صبا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی فورسز نے یمن کے صوبوں تعز، حدیدہ، الجوف اور مارب میں گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران تقریباً 40 فضائی حملے کیے ہیں۔ حوثیوں کے مطابق یہ حملے سعودی عرب کے خلاف ان کی کارروائیوں کے بعد کیے گئے۔
رائٹرز کے مطابق یمنی حکومت کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ حوثی تاریخی بندرگاہ موخا اور ذباب سمیت باب المندب سے متصل ساحلی علاقوں پر اپنا کنٹرول مضبوط کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ حوثیوں کے پاس یمن کے گنجان آباد شمالی علاقوں کا پہلے ہی بڑا حصہ ہے۔
باب المندب بحیرہ احمر کے جنوبی سرے پر واقع ایک انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے جو یمن کو افریقہ کے ساحلی ممالک جبوتی اور اریٹیریا سے جدا کرتی ہے۔ خلیجی ممالک سے یورپ جانے والے تیل اور دیگر تجارتی سامان کی بڑی مقدار اسی راستے سے گزرتی ہے۔
اگر حوثی باب المندب کے راستے پر مؤثر کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو عالمی بحری تجارت اور توانائی کی ترسیل کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب آبنائے ہرمز کی صورتحال پہلے ہی عالمی توانائی کی سپلائی کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔
تازہ پیش رفت سے یمن میں جاری لڑائی کے دوبارہ بڑے پیمانے پر جنگ میں تبدیل ہونے اور بحیرہ احمر کی اہم تجارتی گزرگاہوں پر کشیدگی بڑھنے کے خدشات بھی پیدا ہوگئے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل