Friday, September 11, 2026
 

موخا ایئرپورٹ پر سعودی عرب کے 2 فضائی حملے، حوثی باب المندب کے قریب پہنچ گئے

 



صنعا: سعودی عرب نے یمن کے ساحلی شہر موخا کے ہوائی اڈے پر دو فضائی حملے کیے ہیں۔ حوثی میڈیا کے مطابق سعودی طیاروں نے موخا ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا، تاہم حملوں میں جانی یا مالی نقصان کی فوری تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ موخا شہر پر حوثیوں نے جمعرات کو قبضہ کیا تھا۔ حوثیوں نے گزشتہ ہفتے سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی تھی، جس کے بعد بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں لڑائی شدت اختیار کرگئی ہے۔ دوسری جانب یمنی حکومتی ذرائع نے رائٹرز کو بتایا ہے کہ حوثی جنگجو باب المندب آبنائے کے قریب واقع شہر ذباب تک پہنچ گئے ہیں۔ ذباب آبنائے باب المندب کے بالکل قریب اور جزیرہ پریم کے سامنے واقع ہے۔ ذرائع کے مطابق ذباب اور پریم پر کنٹرول حاصل کرنا باب المندب پر اثر و رسوخ قائم کرنے کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔ باب المندب بحیرہ احمر کو خلیج عدن سے ملانے والی اہم عالمی بحری گزرگاہ ہے اور اس کے ذریعے ایشیا اور یورپ کے درمیان بڑی مقدار میں تجارتی سامان منتقل ہوتا ہے۔ حوثیوں کا موخا پر قبضہ اور باب المندب کی جانب پیش قدمی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے باعث پہلے ہی اہم سمندری راستوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ رائٹرز کے مطابق باب المندب سے جمعرات کو 26 تجارتی جہاز گزرے، جو حالیہ اوسط کے قریب تھے، تاہم حوثیوں کی پیش قدمی نے مستقبل میں بحری آمدورفت اور عالمی تجارت کے حوالے سے خدشات بڑھا دیے ہیں۔ باب المندب پر ممکنہ کنٹرول سے بحیرہ احمر کی بحری آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے، جس کے نتیجے میں عالمی تجارت، توانائی کی ترسیل اور خطے کی سکیورٹی پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل