Loading
مصنوعی ذہانت کے ذریعے فلم سازی کے بڑھتے رجحان نے قازقستان میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا، جہاں آستانہ اے آئی فلم فیسٹیول 2026 کے لیے دنیا بھر سے 8 ہزار سے زائد فلمیں جمع کرائی گئیں۔
قازق خبر رساں ادارے کے مطابق فیسٹیول میں شرکت کے لیے 125 ممالک سے مجموعی طور پر 8,067 فلمیں موصول ہوئیں۔ فلموں کی تعداد کے اعتبار سے امریکا 1,395 فلموں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ میزبان ملک قازقستان 829 فلموں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
اس عالمی مقابلے میں بھارت سے 702، چین سے 550 اور جنوبی کوریا سے 349 فلمیں جمع کرائی گئیں۔
فیسٹیول کے شریک بانی اور بورڈ کے چیئرمین الماس ژالی کا کہنا تھا کہ چند ماہ قبل جب اس بین الاقوامی مقابلے کا آغاز کیا گیا تو اس کے حجم کا اندازہ نہیں تھا، لیکن اب 125 ممالک سے 8 ہزار سے زیادہ فلموں کی آمد نے اسے ایک بڑے عالمی پلیٹ فارم میں تبدیل کردیا ہے۔
شریک بانی اور تخلیقی ڈائریکٹر عزت اللّٰہ حسین کے مطابق تخلیقی ویڈیو ٹیکنالوجی میں تیز رفتار ترقی کے دوران آستانہ میں دسمبر 2025 میں اس فیسٹیول کا تصور پیش کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب واضح طور پر کہا جا سکتا ہے کہ آستانہ اے آئی فلم فیسٹیول دنیا کا سب سے بڑا اے آئی فلم فیسٹیول ہے، خواہ معیار جمع کرائی گئی فلموں کی تعداد ہو یا اس کے لیے مختص 20 لاکھ ڈالرز کی مالی معاونت۔
فیسٹیول میں شامل فلموں کا حجم بھی غیر معمولی ہے۔ تقریباً 40 فیصد، یعنی 3,138 فلموں میں ’مستقبل قابلِ رہائش‘ کو مرکزی موضوع بنایا گیا۔ تمام جمع کرائی گئی فلموں کا مجموعی دورانیہ ایک لاکھ منٹ سے زیادہ ہے، جبکہ یہ فلمیں 4,756 فلم سازوں نے 80 سے زائد تخلیقی مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی مدد سے تیار کی ہیں۔
اے آئی فلم سازی کے اس بڑے مقابلے کے لیے مجموعی طور پر 10 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم بھی مختص کی گئی ہے۔ اس میں 7 لاکھ 50 ہزار ڈالرز مرکزی موضوعاتی پروگرام کے لیے جبکہ 2 لاکھ 50 ہزار ڈالرز پانچ اوپن کیٹیگریز کے لیے رکھے گئے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل