Thursday, September 17, 2026
 

کراچی سے جدہ ایئرپورٹ پہنچنے والے پی آئی اے کے جہاز میں آگ کی اطلاع، مسافروں کا ہنگامی انخلا

 



کراچی سے جدہ ائیرپورٹ پر اترن ےوالے پاکستان انٹرنیشنل ایئر (پی آئی اے) کے ائیر بس ساختہ طیارے میں دوران پارکنگ آگ کی اطلاع پر مسافروں کے ہنگامی انخلا کےلیے سلائیڈ شوٹ کھولےگئے اور اس دوران متعدد مسافروں کو معمولی چوٹیں بھی آئیں جبکہ تفصیلی جانچ کے بعد طیارے میں آگ لگنےکا شبہ غلط ثابت ہوا۔ ذرائع کے مطابق قومی ائیرلائن کا ائیربس ساختہ طیارہ جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر معمول کے مطابق لینڈ کرکے جیٹی پر پہنچا تھا کہ گراؤنڈ اسٹاف نے طیارے کے ایک انجن میں آگ لگنےکا شبہ ظاہر کیا، صورت حال کے پیش نظر پائلٹ نے ایس او پیزکے تحت ہنگامی انخلا کا عمل شروع کیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ چند مسافر جیٹی کے ذریعے اور دیگر مسافروں کو طیارے کے ایمرجنسی ایگزٹ سے سلائیڈز شوٹ کھول کر باہر نکالا گیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ جدہ ائیرپورٹ کے فائر اینڈ ریسکیو حکام بھی فوری طور پر فائربریگیڈ کے ہمراہ طیارے کے قریب پہنچ گئے جبکہ جدہ میں پی آئی اے حکام نے ائیرپورٹ انتظامیہ اور سیکیورٹی حکام کوصورت حال سےآگاہ کیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران تمام مسافر محفوظ رہے اور کسی مسافرکے زخمی ہونےکی اطلاع نہیں ہے جبکہ ذرائع نے بتایا کہ ہنگامی انخلا کے دوران چند مسافروں کو معمولی چوٹیں آنے پر ائیرپورٹ کلینک منتقل کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ طیارے کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد انجن میں آگ لگنےکا شبہ غلط ثابت ہوا، واقعےکے باعث متاثرہ طیارے کی جدہ سے لاہور واپسی کی پرواز 20 سے 22 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی، جدہ سے لاہور جانے والے 40 مسافروں کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا جبکہ دیگر مسافر اپنےگھروں کو روانہ ہوگئے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل