Loading
مشی گن: امریکی ریاست مشی گن میں تربیتی مشن کے دوران امریکی فضائیہ کا F-16 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، تاہم پائلٹ نے بروقت طیارے سے باہر نکل کر اپنی جان بچالی۔
سی این این کے مطابق طیارہ ٹیکساس ایئر نیشنل گارڈ کی 149th Fighter Wing سے وابستہ تھا اور مشی گن کے شہر الپینا میں نیشنل گارڈ بیس سے معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔
حادثہ گرینڈ ٹریورس کاؤنٹی کے دیہی علاقے میں پیش آیا۔ عینی شاہدین کی ویڈیو میں طیارہ گرنے کے بعد کھیت میں آگ کا بڑا گولہ اور دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔
ریاستی پولیس کے مطابق پائلٹ کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی گئی۔ حادثے میں کسی دوسرے شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
ابتدائی طور پر ایک فوجی پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو ممکنہ مے ڈے کال کے بارے میں آگاہ کیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ طیارے سے پرندہ ٹکرایا ہوسکتا ہے۔ تاہم حادثے کی حتمی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی اور امریکی فوج نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
حادثے کے بعد طیارے کے ملبے سے متعلق ممکنہ خطرناک کیمیائی مواد کے باعث ایک میل کے دائرے میں واقع بعض گھروں اور کاروباری مقامات کو عارضی طور پر خالی کرایا گیا، تاہم زیادہ تر رہائشیوں کو رات تک واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق امریکا میں ہر سال ہزاروں طیاروں کو پرندوں یا دیگر جانوروں سے ٹکرانے کے واقعات پیش آتے ہیں۔ تاہم اس حادثے میں پرندے سے ٹکراؤ ہوا یا نہیں، اس کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل