Tuesday, September 22, 2026
 

عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں دو ہفتے کی کم ترین سطح پر آگئیں

 



عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں دو ہفتے کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں جس کی بڑی وجہ خلیج سے تیل کی سپلائی میں بہتری کے امکانات اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کی امید کو قرار دیا جا رہا ہے۔ عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کے نومبر کے معاہدے کی قیمت 2.01 ڈالر یا 2 فیصد کمی کے بعد 98.33 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی اکتوبر ڈیلیوری 2.50 ڈالر یا 2.61 فیصد گر کر 93.28 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو آئندہ سات روز میں دوبارہ کھولنے کے امکان کے اشاروں نے عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی سے متعلق خدشات کم کیے ہیں۔ دوسری جانب سعودی عرب نے اپنی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کردی ہیں جس کے بعد بحیرہ احمر کی بندرگاہ ینبع سے تیل کی برآمدات بھی منگل کو بحال ہونے کی توقع ہے۔ ماہرین کے مطابق خلیجی خطے سے سپلائی میں ممکنہ اضافے نے عالمی منڈی میں فوری قلت کے خدشات کم کیے ہیں جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھا ہے۔ کیپیٹل اکنامکس کے سینئر ماہر اقتصادیات حماد حسین کے مطابق یہ پیش رفت اس بات کی مثبت علامت ہوسکتی ہے کہ سفارت کاری آگے بڑھ رہی ہے، تاہم مستقل حل کے لیے ٹولز اور فیس سمیت دیگر معاملات پر اتفاق ضروری ہوگا۔ خیال رہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث دنیا بھر میں پیٹرول کی قلت کا سامنا ہے جس کے باعث قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ تاہم ایران کی جانب سے امریکا کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے کی شرط پر عندیہ دیا ہے کہ وہ بھی آبنائے ہرمز کو آئندہ ایک ہفتے کے اندر مکمل طور پر کھول دے گی جس کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل