Loading
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بین الاقوامی مسافروں کے لیے ویکسینیشن سینٹر 24 ستمبر سے 24 گھنٹے فعال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ایئرپورٹ ہیلتھ قرنطینہ اسٹار گیٹ کے قریب سول ڈسپنسری میں انٹرنیشنل ٹریولر ویکسینیشن سینٹر قائم کر دیا گیا ہے جہاں مسافروں کو سفری تقاضوں کے مطابق ویکسین فراہم کی جائے گی۔
بارڈر ہیلتھ سروسز کے مطابق بیرون ملک سفر سے قبل پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کے لیے قابل اطلاق ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ ویکسین کی ضرورت کا تعین مسافر کی منزل، ٹرانزٹ اور سفر کے شیڈول کے مطابق کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر میننجائٹس ویکسین کی فیس 2 ہزار 785 روپے اور انفلوئنزا ویکسین کی فیس ایک ہزار 720 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ پولیو ویکسین بین الاقوامی مسافروں کو مفت فراہم کی جائے گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ انفلوئنزا ویکسین ایک سال جبکہ میننجائٹس ویکسین 12 سال کی عمر سے لگوائی جا سکتی ہے، اور پولیو ویکسین سال میں ایک بار لازمی ہوگی۔ حاملہ خواتین کو موجودہ انتظامات کے تحت صرف انفلوئنزا ویکسین دی جائے گی جبکہ دودھ پلانے والی مائیں تینوں ویکسین لگوا سکتی ہیں۔
حکام کے مطابق بائیومیٹرک تصدیق میں دشواری کی صورت میں مسافر کو مجاز عملے کے پاس بھیجا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر دستی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا جا سکے گا۔ نادرا، پاک آئی ڈی یا ای سہولت کی ادائیگی رسید 90 روز تک قابل استعمال ہوگی۔
بارڈر ہیلتھ سروسز نے واضح کیا ہے کہ غیر ملکی شہریوں کو ان ویکسینیشن تقاضوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، جبکہ سعودی عرب جانے والے مسافروں کی ویکسینیشن تصدیق کے لیے ٹریول ایجنٹس کو فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایئرلائنز، ٹریول ایجنٹس اور گراؤنڈ ہینڈلرز کو مسافروں کو ویکسینیشن تقاضوں سے آگاہ کرنے کا پابند بنایا گیا ہے، جبکہ جعلی یا مشکوک ویکسینیشن سرٹیفکیٹس قابل قبول نہیں ہوں گے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق صحت کی تصدیق کے عمل میں مداخلت یا ہدایات کی خلاف ورزی پر 6 ماہ تک قید یا ایک لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ یہ نئے انتظامات 10 اکتوبر صبح 10 بجے تک نافذ العمل رہیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل